جمعہ, 29 مارچ 2024


40 سال تک ٹیکس چھوٹ دینےپررضامندی

ایمز ٹی وی(تجارت) گوادرانڈسٹریل اسٹیٹ کےمیگا پروجیکٹ پر باقاعدہ کام شروع کردیا گیاجبکہ بلوچستان حکومت انڈسٹریل اسٹیٹ میں مقامی سرمایہ کاروں کو 40سال تک ٹیکس چھوٹ دینےپررضامند ہوگئی ہے ۔آئندہ چند سالوں میں ایک ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کاامکان ہے۔

گوادرانڈسٹریل اسٹیٹ، گوادر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ اتھارٹی / جیڈا کے تحت ڈیپ سی پورٹ سے تقریباً 35کلومیٹر کی دوری پر تین ہزار ایکڑ اراضی پر قائم کی جارہی ہے۔ جی ایم فنانس جیڈا وقاص احمد لاسی کےمطابق پہلےفیزمیں اسٹیٹ کے 500ایکڑپرترقیاتی کام فوری شروع کیے جارہے ہیں، جس کے لیے سی پیک کےتحت ایک ارب 75کروڑ روپےمل چکے ہیں، اس فنڈز سے سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس، سیوریج اور واٹر سپلائی سمیت دیگرکام کیے جائیں گے۔

دوسری جانب بلوچستان حکومت نےانڈسٹریل اسٹیٹ میں مقامی سرمایہ کاروں کوبھی 40سال تک ٹیکس چھوٹ دینےپر اصولی اتفاق کرلیا ہے اور اسے فری زون قراردینےکی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔

اسی طرح صنعتی زون میں آئندہ برسوں میں تین ہزار ایکڑ کا مزید اضافہ بھی کیا جائےگا جبکہ اس کےعلاوہ مکران کےمختلف علاقوں میں انڈسٹریل زون بھی بنائےجائیں گے۔ جی ایم فنانس جیڈا کے مطابق امید ہے گوادرانڈسٹریل اسٹیٹ میں رواں سال کےآخرتک 50سے100یونٹ تعمیراتی کام شروع کردیں گے اور آئندہ تین چار سال میں صنعتکاری اور سرمایہ کاری عروج پرہوگی، جبکہ کینیڈین اور جنوبی کوریاکی کمپنیوں نے گوادر انڈسٹریل اسٹیٹ میں چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی کی پیش کش کی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment