Print this page

سوئی سدرن کمپنی کا گیس سپلائی کرنے کا فیصلہ

 

ایمزٹی وی(تجارت/کراچی)کراچی میں سوئی سدرن گیس کمپنی نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی ہدایت کے مطابق کے الیکٹرک کیلئے گیس کی فوری سپلائی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپلائی کی جانے والی 190 ایم ایم سی ایف ڈی میں سے 60 ایم ایم سی ایف ڈی ایل این جی ہو گی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ فرم 80 ارب روپے گیس بل کا از سر نو تعین کرے گی۔
سوئی سدرن ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 15 دن میں طے ہو گا کہ کے الیکٹرک کو کتنی رقم سوئی گیس کو دینی ہے ، مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل رقم کی ادائیگی کے معاملے کی نگرانی کریں گے۔
ذرائع سوئی صدرن کا یہ بھی کہنا ہے کہ کمپنی نے عوامی مفاد اور وزیر اعظم کی خواہش پر رضامندی ظاہر کی ہے تاہم کے الیکٹرک کی جانب سے رقم کی ادائیگی میں پیچھے ہٹنے پر گیس کی سپلائی پھر روکی جاسکتی ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم نے کراچی میں کابینہ کی توانائی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ کراچی والوں کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی آج سے کے الیکٹرک کو مکمل گیس فراہم کرے گی۔
کے الیکٹرک نے بھی لکھ کر دیا ہے کہ فرنس آئل پر چلنےوالے تمام پلانٹس سے پیداوار جاری ہے جبکہ اداروں کے واجبات کے معاملات 15روز میں حل کرلیے جائیں گے۔
 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں