Print this page

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی

  کراچی: آئی ایم ایف کی پاکستان کی معیشت پر اطمینان کی خبروں، مثبت معاشی اشاریوں اور آنے والی مانیٹری پالیسی میں سود کی شرح میں کمی کی توقعات پرمقامی وغیرملکی سرمایہ کاروں کی خریداری سرگرمیوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمعہ کوتیزی کی بڑی لہر رونما ہوئی۔

جس سے10 ماہ کے وقفے کے بعد انڈیکس کی41 ہزارپوائنٹس کی نفسیاتی حد بحال ہوگئی تیزی کے سبب 62 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں 75 ارب 3 کروڑ 77 لاکھ 63 ہزار 524 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ سرمایہ کاری کے بیشترشعبوں کی خریداری دلچسپی کے باعث کاروبارکے تمام دورانیئے میں مارکیٹ مثبت زون میں رہی۔

 یہی وجہ ہے کہ ایک موقع پر 563 پوائنٹس تک کی تیزی بھی رونماہوئی لیکن اختتامی لمحات میں پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی مذکورہ شرح میں کمی واقع ہوئی نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 402 اشاریہ 42 پوائنٹس کے اضافے سے  40916 اشاریہ 59 ہو گیا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس 210 اشاریہ 98 پوائنٹس کے اضافے سے 18619 اشاریہ 27 ، کے ایم آئی30 انڈیکس937 اشاریہ 90 پوائنٹس کے اضافے سے 65149 اشاریہ 88 اور پی ایس ایکس کے ایم آئی انڈیکس 263اشاریہ11 پوائنٹس کے اضافے سے 19251اشاریہ 85 ہو گیا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں