ھفتہ, 20 اپریل 2024


وفاق پاکستان اسٹیل کی 25 ارب کی اراضی لینے کیلئے سرگرم

ایمز ٹی وی (بزنس) وفاقی وزارت صنعت و پیداوار 8ماہ گزرنے کے باوجود پاکستان اسٹیل کی گیس بحال کرانے میں تو ناکام ہے لیکن پاکستان اسٹیل کی قیمتی اراضی وفاق کی تحویل میں دینے کے لیے سرگرم ہے۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی حکومت نے 2007میں نیشنل انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے مختص کردہ 950ایکڑ قیمتی اراضی وفاق کی تحویل میں لینے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔اس حوالے سے وزارت کا ایک اہم اجلاس 10فروری کو اسلام آباد میں طلب کرلیا گیا ہے جس میں پاکستان اسٹیل کی اراضی بالخصوص 2007میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی منظوری سے نیشنل انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے مختص کی جانے والی 950ایکڑزمین وفاق کی تحویل میں لینے سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل کی نجکاری کے لیے ملک کے اہم اثاثے کو انجام تک پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت احتساب کے بجائے اثاثوں کی بندر بانٹ کی جارہی ہے جس پر اپوزیشن کا سخت ردعمل متوقع ہے۔ سندھ حکومت پہلے ہی اراضی کی ملکیت منتقل کیے جانے پر شدید تحفظات ظاہر کرچکی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیل جیسے قومی اثاثے کی بدترین صورتحال اور گیس کی بندش کے سبب پلانٹ کی حساس مشینری اور آلات کی تباہی کے خدشات کو نظر انداز کرتے ہوئے تمام توجہ اراضی کے معاملات طے کرنے پر صرف کی جارہی ہے جس سے پاکستان اسٹیل کے ملازمین میں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ پاکستان اسٹیل کی 950ایکڑ اراضی جس وقت نیشنل انڈسٹریل پارک کے قیام کے لیے مختص کی گئی اس وقت اس کی قیمت ایک کروڑ روپے فی ایکڑ کے حساب سے تقریباً 10ارب روپے تھی،یہ رقم پاکستان اسٹیل کو ادا نہیں کی گئی۔ پاکستان اسٹیل کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات کو ارسال کردہ درخواستوں اور تجاویز میں پاکستان اسٹیل کو بحران سے نکالنے کے لیے مذکورہ اراضی کی قیمت پاکستان اسٹیل کو ادا کرنے پر زور دیا گیا تاہم وفاق کی جانب سے کوئی جواب نہیں ملا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment