Print this page

شہدا ءکا لہو فتح کا استعارہ !

تحریر: فرواحسن

کامیابی کا بگل تب بجتا ہے جب نظریے کی جیت ہو
 
شہادت کی ولولہ انگیزی کو کتاب ”فلسفہ شہادت“ میں یوں بیان کیا گیا ہے کہ شہید کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ وہ قوم میں ہمت اور ولولہ پیدا کرتا ہے۔ جن قوموں میںجوش بالخصوص الہی جذبے کی روح مر جاتی ہے، ”شہید “ اُن میں دلاوری، صبر، ہمت اور جوش پیدا کرتا ہے۔ملک و قوم کے نصیب میں کچھ دن ایسے لکھے جاتے ہیں جو قربانیوں کے متقاضی ہوتے ہیں، لیکن فتح کا بگل تب بجتا ہے جب نظریے کی جیت ہو۔ بحیثیت پاکستانی قوم ایسا ہی ایک دن 6 ستمبر 1965 کا تھا جو فرزندانِ وطن سے حفاظت کا تقاضہ کر رہا تھا، جس دن نے ماﺅں سے ان کے بیٹے اپنی ناموس پر قربان کرنے کا سوال کیا۔ 6 ستمبر پاکستانی تاریخ میں یومِ دفاع کے نام سے یاد کیا جاتا ہے، سترہ روزہ جنگ میں چشمِ فلک نے نوزائیدہ ریاست کے باشندوں کو ایک ایسے سانچے میں ڈھلتے دیکھا جہاں ہمدردی، خیرخواہی، اپنے شاہین صفت فوجی بھائیوں کے ساتھ وارفتگی، ملک و ملّت سے دیانت داری گویا ایمان کی اساس ہو۔ اس دن ”لا الہ الا اللہ“ کا اظہار بھی ہوا اور راہِ حق کے شہیدوں نے اس کا عملی نمونہ بھی پیش کیا۔ قربانی کی لازوال داستانیں اس دن سے منسوب ہوئیں، سروں پر کفن باندھ کر سرفروشانِ وطن رزم گاہ حق و باطل کا رُخ کرتے، کچھ شہادت سے سرفراز ہوئے اور کچھ غازی بن کر سرخرو رہے ہیں لیکن اسلام دشمن اور ملک دشمن ریاست کو لوہے کے چنے چبوا دیئے۔ یہ دن ہمارے نظریے کی فتح کا دن ہے جس دن ہم نے دیکھا کہ ہم سے بڑی طاقت ہمارے جذبہ ایمانی کے آگے زیر ہوگئی۔ سوچیے کیسا لاثانی دن ہوگا جب ماو¿ں کی ممتا اپنے جگر گوشوں کو مادرِ وطن پر قربان کرنے سے گریزاں نہ ہو یقیناً یہ دن اور اس دن کے شہدا سُرخ سلام کے حق دار ہیں۔
6 ستمبر کو ازلی ستمگر بھارت نے روایتی دشمنی نبھاتے ہوئے حملہ کیا لیکن خدائے بزرگ و برتر نے اس کے پاسبانوں کو اتنی ہمت و جرات بخشی کہ انہوں نے نا صرف اپنے عزیز وطن کی آزاد حیثیت پر حرف نہ آنے دیا بلکہ افواج پاکستان کا لوہا پوری دنیا میں منوایا۔ ہمارے فوجی جوانوں نے بہادری اور جانثاری کی ایسی تاریخ رقم کی جو بھارت چاہتے ہوئے بھی کبھی اپنے ذہن سے کھرچ نہیں سکتا۔ جہاں ایک طرف راہِ حق کے شہدا نے اپنا لہو پیش کیا وہیں اس معرکے میں عوام و افواج کے مابین وہ جذبہ و عزم نظر آیا جو قابل داد و تحسین ہے۔ 1965 کی جنگ نوزائیدہ ریاست کے لیے نہایت پریشان کُن ہوتی مگر جہاں افواج و عوام دشمن کے مقابلے پر سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوجائیں تو ایسی قوم کو مغلوب کرنا ناممکن ہو جاتا ہے اور یہی ہوا۔ کشمیریوں کے حقِ خود ارادیت کی حمایت کرنے پر بھارت نے ٹھانی کہ پاکستان کو سزا دی جائے اور اسی خیال سے 6 ستمبر کو دشمنِ ازلی نے پاکستان کی بین الاقوامی سرحد کراس کی۔ ریڈیو پاکستان سے پیغام نشر ہوا کہ دشمن نے 10کروڑ ”لا الہ الا اللہ“ پڑھنے والوں کو للکارا ہے، ہم دشمن کو عبرت ناک شکست دیں گے۔ پھر کیا تھا ساری قوم یک جان ہو کر دشمن کے عزائم کی راہ میں حائل ہو گئی۔ حملے کے وقت بھارت کے فوجی سربراہ نے کہا تھا کہ ہم صبح کا ناشتہ لاہور میں کریں گے لیکن شہدا کے جذبوں کے آگے ہم سے بڑی طاقت کو سر جھکانا پڑا۔ ہماری بہادر فوج نے بھارتی فوجیوں کو لاہور کے باہر ہی روک دیا اور ان کے لاہور میں ناشتہ کرنے کی خواہش کو منوں مٹی تلے دبا دیا۔
ہماری بری فوج نے اپنی مرضی کا محاذ کھول کر کھیم کرن کو فتح کر کے ریلوے اسٹیشن پر پاکستانی پرچم لہرا دیا۔ اس سے قبل چھمب اور دلوا کی چوکیوں پر پاکستانی فوج قبضہ کر چکی تھی۔ بھارت نے ہمار ی سپلائی لین توڑنے کے لیے سیالکوٹ کے پاس چونڈا کا محاذ کھول دیا، جہاں پر دنیا کی سب سے بڑی ٹینکوں کی جنگ ہوئی۔ ہمارے بہادر جوان ٹینکوں کے سامنے اپنے جسموں سے بم باندھ کر لیٹ گئے، بھارت کے ٹینکوں کو تباہ کیا اور انہیں آگے نہیں بڑھنے دیا۔ ہماری ہوائی فوج نے دشمن کے چار جہاز اکھنور کی فضاﺅں میں تباہ کر دیئے تھے۔ ہمارے بہادر ایم ا یم عالم نے ایک منٹ میں بھارت کی فضاﺅں پر حملہ کر کے ان کے لڑاکا جہاز تباہ کر کے ریکارڈ قایم کیا۔ پٹھان کوٹ کا ہوئی اڈا بھی تباہ کر دیا گیا اور فضاﺅں میں پاکستان کی ہوائی فوج کی برتری قایم ہوئی۔ ادھر ہماری بحری فوج نے کُھلے سمندروں میں آگے بڑھ کر دوارکا کے بحری اڈے پر حملہ کر کے اس کے راڈار کو تباہ کر دیا۔ بھارت کو بہت نقصان اُٹھانا پڑا۔ بھارت کے دفاعی تجزیہ کاروں نے اپنی کتابوں میں اس نقصان کو تسلیم کیا ہے۔ دیس کے رکھوالے جوانوں نے ثابت کردیا کہ جب تک ہم ہیں کوئی بھی طاقت چاہے وہ کتنی بھی بڑی ہو ہمارے پُرکھوں کی امانت کی طرف میلی نظر سے دیکھ نہیں سکتی۔یومِ دفاع منانے کا مقصد معاشرتی اصلاح، شہدا کی گراں قدر قربانیوں کو یاد رکھنا، اُن کے لہو سے انصاف کرنا جب کہ اپنی وفا داریوں کی درجہ بندی کرنا ہے اور یہ ےاد رکھنا بھی ضروری ہے کہ ہر دور وفا کا متقاضی ہے، آج بھی وطنِ عزیز کو اندرونی و بیرونی دشمنوں کا سامنا ہے، ایسے وقت میں ہماری یکجہتی، ہماری وفا ہی ہماری بقا ہے۔ یہی راہِ حق کے شہدا کی وفا تھی اور ہے جس کی بدولت آج ہم آزاد فضاو¿ں میں سانس لیتے ہیں اور کوئی شک نہیں کہ وہ وفا ہی تھی اور ہے کہ ماو¿ں کے اپنے گھروں کے چراغ دے کر وطن سے محبت کے چراغ کو لو بخشی۔ بقول پیرزادہ قاسم رضا صدیقی:
میری وفا کو گزشتہ ادوار میں بھی
آواز دی گئی تھی
یہ عہد نو بھی مری وفا کو پکارتا ہے
مری وفا کو جو معتبر ہے
میری وفا کی نمو بھی نشوونما بھی
اس سرزمین سے ہے
یہ سرزمین جو مرا وطن ہے
مرا چمن ہے
یہیں پہ سب معرکے ہوئے ہیں
یہیں پہ سب فیصلے ہوئے ہیں
یہیں پہ سو امتحان گزرے
یہ امتحان عہد شوق کے مرحلوں کی صورت
عزیز تر تھے مگر
بڑے سخت مرحلے تھے
میری وفا کا حساب
کیوں مجھ سے پوچھتے ہو مرے عزیزو
زمین سے پوچھو کہ وہ بھی
اس راز کی امیں ہے
گواہ بن کر زمیں کہے گی
وفا نے اپنا لہو دیا ہے
لہو جو اس سرزمیں کو گلنار کر گیا ہے
وفا سپاہی کو کٹانے کا حوصلہ ہے
وفا شہادت ہے رزم گاہوں کا مرحلہ ہے
وفا مجاہد کے روپ میں
سرحدوں پہ سینہ سپر ہوئی ہے
وفا ہی سوز داروں میں رہی ہے
وفا ہی تو غازیوں کو انعام ایزدی ہے
قرار جاں ہے
وفا ہی تعمیر ملک و ملّت
وفا جو ہر روپ میں عیاں ہے
وفا کا اک رنگ
لہلہاتی سی کھیتیاں ہیں
سنہرے گندم کی بالیاں ہیں
کہ جن میں جوہر حیات کا ہے
وفا تنومند بازوﺅں کی حیات و قوت
وفا ہی دہقاں کا شوق و محنت
وفا ہے مرے خدا کی رحمت
وفا عقیدت ہے
آبرومند شہریوں کی
جنہیں ہے اس سرزمیں سے
اس خاک سے محبت
وفا کا اعجاز ہی تو بہنوں کا حوصلہ ہے
وفا کا ایقان ہی تو بھائی کا آسرا ہے
وفا ہی ماں کی رضا جو اپنے جواں بیٹوں کو
رزم گاہوں میں بھیجتی ہے
شہید ہو تا بھی دیکھتی ہے
وفا نے اپنا لہو دیا ہے
لہو جو اس سرزمیں کو
گلنار کر گیا ہے۔۔۔!
سوئی ہوئی قوم کو زندہ کرنے والے اور اُن کے لہو کو گرمانے والے شہدائِ راہِ حق اپنے حصّے کی شمع جلاگئے، اُن کے بچھڑ جانے پر ہم افسردہ ضرور ہیں لیکن رنجیدہ نہیں کیوں کہ انہی شہدا کا لہو فتح کا استعارہ ہے۔ راہ ِ حق کے شہیدوں کا لہو درس دے رہا ہے کہ ہم اپنے سنہرے ماضی کو یاد رکھتے ہوئے آگے بڑھیں اور یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندرونی و بیرونی دشمنوں کا مقابلہ کریں اور فتح حاصل کرتے رہیں۔ فتح دراصل یہ نہیں کہ ظاہری اشیاءکا حصول ممکن ہو بلکہ کا اس مفہوم نظرےے کی فتح ہے۔ بہرکیف مادرِ وطن کی عزت و عصمت کے لیے جو شعلے جنگِ ستمبر کے شہیدوں نے اپنے لہو سے بجھائے اور کامرانی حاصل کی انہی کی بدولت شہدائے راہِ حق، خدا کی رضاو¿ں کے حق دارٹھہرے اور انہی کے سبب آج پاکستانی قوم سرخرو ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں