جمعہ, 19 اپریل 2024


این ای ڈی یونیورسٹی میں ریلی کا انعقاد

 

کراچی : جامعہ این ای ڈی کے کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے 6 ‏ستمبر یومِ دفاعِ اوریومِ شہدائے پاکستان کے موقع پر ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ‏جامعہ کے ترجمان کے مطابق شہدائے راہِ حق کی قربانیوں کو داد و خراج پیش ‏کرنے کے لیے این ای ڈی یونی ورسٹی سے سفاری پارک تک یکجہتی ریلی ‏نکالی گئی۔

جامعہ کے زیرِ اہتمام اس یکجہتی ریلی کی قیادت سینئر ڈین فیکلٹی ‏سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹرمیر شبر علی، ڈین فیکلٹی آف الیکٹریکل اینڈ ‏کمپیوٹر انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر سعد زقاضی، رجسٹرار سید غضنفر حسین، ‏ڈائریکٹرسروسزانجینئروصی الدین، ڈی آئی جی موٹر وے پولیس محمدسلیم ، ایس ‏ایس پی ملیر شیرازنذیر عباسی، کنٹرولر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈیپارٹمنٹ علی حسن ‏محمود ، ڈپٹی رجسٹرار خالد مخدوم ہاشمی نے سنبھالی۔بہادری اور جان فروشی کی ‏داستانیں رقم کرنے والوں کوخراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جامعہ این ‏ای ڈی کی فیکلٹی ، طالب علموں اور اسٹاف سمیت پولیس کے عہدےداران ‏نے بڑی تعداد میں واک میں حصّہ لیا۔ ڈی آئی جی موٹروے پولیس محمد سلیم ‏کا کہنا تھاکہ ملک و قوم کی سلامتی ابتدا ہی سے مضبوط ہاتھوںمیں رہی ہے، ‏یہی وجہ ہے کہ آج ہم آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔
انہوں نے ‏مزید کہا کہ ناصرف شہدا کی قربا نیاں لازوال ہیں بلکہ ان کے گھرانوں کا صبر ‏بھی قابلِ آفرین ہے۔ایس ایس پی ملیر شیراز نذیر عباسی نے یومِ دفاع اور ‏شہدائے پاکستان کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہید کی جو موت ہے ‏وہ قوم کی حیات ہے۔ مزید کہا کہ یومِ دفاعِ پاکستان ہمارے نظریے کی جیت ‏کا دن ہے ، جب قلیل نے کثیر طاقت پرغلبہ حاصل کیا۔ سینئر ڈین فیکلٹی ‏سول پروفیسر ڈاکٹر شبر علی نے ریلی کا اختتام شرکا ءکا شکریہ ادا کرتے ‏ہوئے، پاکستان زندہ باد۔پاک فوج پائندہ باد کے نعروں سے کیا۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment