Print this page

جامعہ کراچی نے4 کروڑ روپے کاچیک جاری کردیا

 
جامعہ کراچی انتظامیہ نے سوئی سدرن گیس کمپنی کو چارکروڑ روپے کا چیک جاری کردیاہے،مذکورہ چیک جامعہ کراچی میں موجود تمام کینٹینز،اسٹاف ٹاؤن اور تجارتی مراکز پر گیس کے میٹرز کی تنصیب کی مد میں جاری کیا گیا ہے۔گیس کے میٹرز تنصیب اور خستہ حال لائنوں کی تبدیلی کا کام آئندہ چنددنوں میں شروع ہوجائے گا۔
 
واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گیس کے میٹرز کی تنصیب کی جارہی ہے جس سے جامعہ کراچی کو ماہانہ 50 لاکھ روپے کی بچت ہوگی ۔پانی کی مد میں جامعہ کراچی ہر ماہ تقریباًایک کروڑ 15 لاکھ سے زائد کی ادائیگی کرتی تھی لیکن شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان کی ہدایت پر پانی کے چھ میٹرز کی تنصیب کی گئی جس کی بدولت اب یہ بل 40 لاکھ تک محدود ہوگیا ہے اور جامعہ کراچی کوہرماہ تقریباً75 لاکھ روپے کی بچت ہورہی ہے۔
 
علاوہ ازیں تمام کینٹینز،اسٹاف ٹاؤن اور دیگرتجارتی مراکز پر بجلی کے میٹر ز کی تنصیب کے لئے سروے کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور جلد ہی اس پر عملدرآمد شروع ہوجائے گا۔جامعہ کراچی ہر ماہ بجلی کے بلز کی مد میں تقریباًدوکروڑ 75 لاکھ روپے اداکرتی ہے اور مذکورہ میٹرز کی تنصیب کی بدولت یہ بل تقریباًایک کروڑ تک محدود ہوجائے گا اور اس طرح جامعہ کراچی کو ماہانہ تقریباایک کروڑ75 لاکھ روپے کی بچت ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل تمام کینٹینز،اسٹاف ٹاؤن اور دیگر تجارتی مراکز سے بہت کم اور فکس بل کی صورت میں کل بل کا تقریباً10 فیصد بھی وصول نہیں ہوپاتااور باقی تمام رقم جامعہ کراچی کو اداکرنی پڑتی ہے جس سے جامعہ کراچی کے مالی خسارے میں مزید اضافہ ہورہاہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں