Print this page

جامعہ کراچی میں 52 طلباوطالبات کو اسکالرشپس مل گئی

کراچی:جامعہ کراچی نے ایم فل / پی ایچ ڈی کے 52 طلباوطالبات میں اسکالرشپ چیکس تقسیم کردیئے
 
 
جامعہ کراچی کے زیراہتمام اپلائیڈ اکنامکس ریسرچ سینٹر میں ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرشپ پروگرام 2019 ءکے چیکس کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی ، اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ تحقیق ایسی ہونی چاہیئے جو الماریوں کی زینت بننے کے بجائے معاشرے کی فلاح وبہبود کے لئے ہو۔جن معاشروں نے تحقیق کو اپنا طرہ امتیاز بنایا ہے، وہ مہذب معاشرے کے حصول میں کامیابی کی طرف گامزن ہیں تحقیق اور منصوبہ بندی سے ناپید معاشرے گرہن زدہ ہوتے ہیں اور انہی عوامل کے باعث مہذب معاشرے کا خواب پورا نہیں ہوتا۔ہمارے ریسرچرز کو چاہیئے کہ وہ پاکستان کودرپیش مسائل بشمول معاشی مسائل کے لئے حل کے لئے کام کریں ، اپنی تجاویز مرتب کریں اور ایسی تحقیق کریں جس سے پورا معاشرہ استفادہ کرسکے
 
انہوں نےمزید کہا کہ امید کرتاہوں کہ آپ کی تحقیق کے نتیجے میں معاشرے میں مثبت اور نمایاں اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ ہمیں ایسی تحقیق اور تدریس کی اشد ضرورت ہے جومعاشرے کے مسائل کے دیرپا اور پائیدار حل کے لئے ہوں۔ ۔ابھی آغاز ہے اور اس میں مزید بہتری لانے کی کوشش کی جائے گی۔اسکالر شپ کمیٹی کے تمام ممبران کی محنت اور دلچسپی کی بدولت ہی مذکورہ اسکالر شپ کی تقسیم کی تقریب کا انعقاد ممکن ہوا۔تقریب میں 52 طلباوطالبات میں بدست شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمودعراقی چیک تقسیم کئے گئے۔
 
 
انچارج اسٹوڈنٹس فائینینشل ایڈ آفس ڈاکٹر غزل خواجہ ہمایوں نے اسکالر شپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مذکورہ اسکالرشپ کے تحت ایم فل کے 36 طلباوطالبات جبکہ پی ایچ ڈی کے 16 طلباوطالبات کو چیک تفویض کئے گئے۔جس میں ایم فل کے طلبہ کو 8000 روپے ماہانہ فی طالب علم ایک سال تک جبکہ پی ایچ ڈی کے طلبہ کو 10000 روپے ماہانہ فی طالب علم کو دو سال تک دیئے جائیں گے اور ایسے طالب علم جن کے تحقیقی مقالہ جات نمایاں شہرت کے حامل جرنلز میں شائع ہوں گے توانہیں اضافی10000 روپے دیئے جائیں گے

پرنٹ یا ایمیل کریں