جمعہ, 19 اپریل 2024


کمپیوٹرسائنس اورمطالعہ پاکستان کی کتابیں تبدیل کرنےفیصلہ

لاہور:  پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے نویں اور دسویں جماعت کی کتابیں تبدیل کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پی ای ایف) نے اپنے تحت چلنے والے اسکولوں کی کتابیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مطالعہ پاکستان اور کمپیوٹر سائنس کی نئی کتابیں پی ای ایف کی جانب سے پارٹنر اسکولوں میں لاگو کی جائیں گی، پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے کمپیوٹر سائنس جماعت نہم اور مطالعہ پاکستان جماعت دہم کی کتابیں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 سال دہم کے طلباء کو مطالعہ پاکستان اور سال نہم کے طلباء کو کمپیوٹر سائنس کی نئی کتابیں7 ہزار509 اسکولوں میں تقسیم کی جائیں گی۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے میٹرک کی درسی کتب کی تبدیلی کیلئے پارٹنر اسکولوں کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے، پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کی منظور شدہ کتابیں پارٹنر اسکولوں میں اسی سال لاگو کی جائیں گی۔

 پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن حکام نے پارٹنر اسکولوں کو کتابوں کی ڈیمانڈ 29 نومبر تک بھیجنے کی ڈیڈ لائن جاری کردی ہے اور پارٹنر اسکولز پیف کے آن لائن سسٹم کے ذریعے کتابوں کی ڈیمانڈ جمع کروا سکتے ہیں، پیف حکام نے کہا ہے کہ پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ کے تبدیل کردہ نصاب کے مطابق نئی کتابیں لاگو کی جا رہی ہیں جو جلد طلباء کو فراہم کردی جائیں گی۔ واضح رہے کہ پیف وہ ادارہ ہے جس کے تحت پنجاب بھر میں ہزاروں پرائیویٹ سکولوں میں طلباء کو نرسری سے میٹرک تک مفت تعلیم دی جا رہی ہے، یہ ادارہ طلباء کی فیس خود ادا کرتا ہے اور انکو کتب بھی فراہم کرتا ہے جبکہ مستحق اور ذہین طلباء کو وظائف بھی دیے جاتے ہیں۔ لاکھوں طلباء اس ادارے کی وجہ سے مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment