Print this page

جامعہ کراچی کے تحت داخلہ ٹیسٹ، اندرون سندھ کےA-1 گریڈ کے71فیصد طلبا فیل

کراچی: جامعہ کراچی کے تحت نئے تعلیمی سیشن 2020کے لیے منعقدہ داخلہ ٹیسٹ کے دلچسپ اورچونکا دینے والے نتائج سامنے آئے ہیں اورایک بار پھر اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے ’’اے ون‘‘گریڈ میں انٹرمیڈیٹ کاامتحان پاس کرکے جامعہ کراچی میں داخلوں کے لیے درخواست دینے والے طلبامیں سے71.29فیصد امیدوار ٹیسٹ میں ہی فیل ہوگئے اوراندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ لینے والے محض 28.71 فیصد طلبہ نے جامعہ کراچی کاٹیسٹ پاس کیا۔
 
اندرون سندھ کے تعلیمی بورڈزسے اے ون گریڈ سمیت مختلف گریڈز میں انٹر کا امتحان پاس کرکے جامعہ کراچی میں داخلوں کے لیے ’’ایس‘‘ کیٹگری کی بنیادپر درخواستیں دینے والے امیدواروں کے ٹیسٹ کے نتائج اس سے بھی زیادہ مایوس کن ہیں، داخلہ ٹیسٹ میں شریک مذکورہ 2453 امیدواروں میں سے محض 17.33فیصد نے یہ ٹیسٹ پاس کیااور’’ایس‘‘کیٹگری میں شامل انٹرمیں مختلف گریڈ سے پاس ہونے والے 82.67امیدوارجامعہ کراچی کاداخلہ ٹیسٹ پاس ہی نہیں کرسکے، یادرہے کہ18شعبہ جات میں بی ایس کے داخلوں کے لیے یہ ٹیسٹ 17 نومبر کو منعقد ہوئے تھے۔
 

پرنٹ یا ایمیل کریں