منگل, 16 اپریل 2024


قائداعظم محمدعلی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کےحوالےسےتین روزہ سالگرہ تقریبات کاآغاز

سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کی جانب سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے 144 ویں یوم پیدائش کے حوالے سے تین روزہ سالگرہ تقریبات کا آغاز آج سےان کی مادر علمی سندھ مدرستہ الالسلام یونیورسٹی میں ہوگیا۔”قائد اعظم محمد علی جناح :نظریات،حقائق اورپیش رفت “ کے موضوع پر ہونے والی تین روزہ تقریب کا افتتاح وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے قانون، ماحولیات اور کوسٹل ڈولپمینٹ مرتضی وہاب نے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائد اعظم ہمیشہ انکے آئیڈیل اور رول ماڈل رہے ہیں ، اسکول کے زمانے میں ہم اس ادارے کے بارے میں سنا کرتے تھے اور آج یہاں پر کھڑے ہوکر خطاب کرنا کسی اعزازسے کم نہیں ۔ یہ ملک ہمیں قربانیوں کے نتیجے میں ملا ہے، ہمیں اپنے کردار سے اس کی خدمت کرنے ہے ، ہم اس وقت تک بہتری نہیں لاسکتے جب تک ہم اپنا کردار ادا نہیں کرتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا یوم پیدائش بھی پچیس دسمبر ہے اور انہوں نے بھی قائد اعظم کی طرح لنکن ان سے بار ایٹ لا کی ڈگری حاصل کی اور اس کے بعد عوام کی خدمت کرنے کے جذبے سے سرشار ہوکر سیاست میں قدم رکھا۔مشیر قانون نے کہا کہ بہت بڑی قربانیوں کی بدولت ہمیں یہ ملک ملا ہے ، اس لیے ہم سب کو چاہیے کہ قائد اعظم کے فلسفے کو آگے لیکر چلیں۔ یہ 73 کا آئین ہے جو ذوالفقار علی بھٹو نے ہمیں دیا جس میں ہر شخص کو سیاست اظہار رائے اور برابری کا حق دیا گیا ہے۔ نوجوان سیاستدان ہونے کے ناطے مجھے اس بات پر فخر ہے کہ ہم اس آئین کے ساتھ ملک کو آگے لیکر جارہے ہیں۔ آج ہم سب کو تجدید عہد کرنی چاہیے کہ ہم اس ملک کووہ ریاست بنائیں گے جس میں قانون کی حکمرانی ہو۔انہوں نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے تین دن تک قائد اعظم کا جنم دن منا کر ایک بہتر روایت ڈالی ہے اور نوجوان نسل کو قائد اعظم کے افکار اور اصولوں سے ہم آہنگ کیا ہے۔

اس موقع پر وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک اعزاز ہے کہ ہم قائد اعظم کا144واں یوم پیدائش آج سے ہی منا رہے ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح نے یہ ملک آئیڈیل بنایا تھا۔انکے کئی آئیڈیلز تھے زندگی کے تمام پہلوﺅں کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے اس ملک کی تعمیر کی۔ انہوں نے کہا کہ 72 برسوں بعد ہمیں یہ ضرورت ہے کہ ہم اس ملک کو قائد کے خواب مطابق قائم کریں۔ ہم قائد اعظم کو اس سے بڑھ کر خراج عقیدت پیش نہیں کرسکتے کہ ہم تین دن تک ان کی سالگرہ منا رہے ہیں۔

ڈاکٹر محمد علی شیخ نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام میں قائد اعظم نے نہ صرف تعلیم حاصل کی بلکہ انہوں نے اپنی ملکیت کا تیسرا حصہ بھی اس ادارے کو وقف کیا اس ناطے ہم قائد اعظم کے وارث ہیں اس لیے ہم اس بحث کو قائد اعظم کی مادر علمی سے شروع کررہے ہیں کہ اس ملک کو انکی سوچ اور وژ ن کے مطابق کیسے قائم رکھ سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ صوبائی مشیر مرتضی وہاب نے طالبعلموں کی جانب سے منعقد کی گئی پینٹگنس اور فوٹو گرافی کا افتتاح کیا اور وہاں پر طلبہ و طالبات کی جانب سے نمائش میں رکھی گئی تصویروں کا جائزہ بھی لیا۔
اس کے علاوہ پہلے دن طالبعلموں کی جانب سے مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز اور بزرکامپیٹیشن بھی منعقد کئے گئے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment