جمعہ, 21 فروری 2020


یونیورسٹی ایچ ای سی کی وضع کردہ معیارات پرپورااترنےکےلیےپرعزم ہے

کراچی : داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ یونیورسٹی کی کارکردگی اور پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کا جائزہ لینے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کی 2؍ ٹیموں پوسٹ گریجویٹ پروگرام ریویو کمیٹی اور انسٹیٹیوشنل پرفارمنس ایولوشن ریویو کمیٹی نے جامعہ کا دورہ کیا۔
 
معائنہ ٹیموں میں ڈاکٹر منصور حامد عنایت ، ڈاکٹر مدثر فاروق ، ڈاکٹر جمیل النبی ، ڈاکٹر انور خطاب اور ڈاکٹر فرمان اللہ شامل تھے جبکہ ایچ ای سی کے کوالٹی ایشورنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر عبیداللہ انور بھی ان کے ہمراہ تھے۔دونوں ٹیموں نے ایچ ای سی کے وضع کردہ معیارات کے مطابق یونیورسٹی کی کارکردگی اور پوسٹ گریجویٹ پروگراموں کا جائزہ لیا۔
 
داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹرفیض اللہ عباسی نے یونیورسٹی میں ایچ ای سی کے کامیاب دورے پر یونیورسٹی کے کوالٹی انہانسمنٹ سیل کی محنت کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی ایچ ای سی کی وضع کردہ معیارات پر پورا اترنے کے لیے پر عزم ہے اوراس کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
 
کیو ای سی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالسمیع نے وفد کو یونیورسٹی کی حکمت عملی ، جامع پالیسی اور کام کرنے کے معیاری طریقہ کار، یونیورسٹی کے ملازمین بشمول اساتذہ اور دیگراسٹاف کے اپنے کام کو لے کر فرائض، شرائط و جواب دہی کے اصول واضح کیے۔
 
ایچ ای سی کے وفد نے یونیورسٹی کی رجسٹرار سید آصف علی شاہ ، ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو، تمام شعبہ جات کے چیئرپرسن ، اساتذہ اورطلباء کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور انکی موجودگی میں یونیورسٹی کے پورٹ فولیو اور تمام تر دستاویزات کی ثبوتوں کے ساتھ جانچ پڑتال کی۔
 
داؤد یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے ٹیم کا بےحد شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ وہ اور انکی ٹیم یونیورسٹی کی بہتری کے لیے ہمیشہ پرعزم رہیں گے اور کوششیں کرتے رہیں گے ۔انہوں نے ٹیم کو سندھی ٹوپی اور اجرک کے تحفے دیئے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment