Print this page

سندھ میں 16 مارچ سے اسکول کھولنے کا فیصلہ

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ فی الحال صوبے بھر میں اسکول 16مارچ کو کھولنے کافیصلہ کیا ہے تاہم یہ معاملہ ایک اور اجلاس میں بھی زیر بحث آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدھ کو ہونے والے تعلیم کی اسٹیرنگ کمیٹی کے اجلاس میں بیشتر شرکا نے اسکول کھولنے کی تجویز دی ،جمعرات کے اجلاس میں مزید فیصلہ کیا جائے گا۔

سعید غنی نے کہا کہ اب تک وائرس مقامی طور پر منتقل ہونے کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔ جتنے مریض سامنے آئے ہیں انہوں ںے بیرون ملک سفر کیا ہے، یہی سوچ کر اسکولوں کی تعطیلات 14 روز کے لیے دی گئی تھیں کیوں کہ قرنطینہ کا مرحلہ 14 روز پر مشتمل ہوتا ہے۔
انہوں ںے بتایا کہ تفتان بارڈر سے 13 ہزار سے زائد لوگ پاکستان میں داخل ہوئے۔ فراہم کردہ پہلی فہرست میں 5 سو افراد سندھ آئے۔

اس سے قبل سندھ میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تصدیق کے بعد وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ٹاسک فورس کے اجلاس میں 13 مارچ تک بند کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ دو روز میں مزید متاثرین کی تصدیق کے بعد سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جب کہ ملک میں مجموعی طور پر 20 کیس سامنے آچکے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں