Print this page

(آئی بی سی سی ) کے سیکرٹری اور چیئرمین فیڈرل بورڈ کی اسامی خالی

 

ڈاکٹر اکرام کے ایچ ای سی چلے جانے کے بعد سیکرٹری آئی بی سی سی اور چیئرمین فیڈرل بورڈ کی اسامی خالی پڑی ہے جبکہ دونوں اداروں کی ویب سائٹس پر تا حال اکرام علی ملک اپنے عہدوں پر تصاویر کے ساتھ موجود ہیں۔

وفاقی حکومت کی وزارت تعلیم وپیشہ ور تربیت کے ماتحت اہم ادارے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین (آئی بی سی سی ) کے سیکرٹری کے عہدے کی اسامی ڈاکٹر اکرام علی ملک کے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ٹیسٹنگ سروس کے سربراہ بننے کے بعد خالی پڑی ہے۔

اس اسامی کے لئے گزشتہ سال اشتہار بھی دیا گیا تھا جس کے لئے 80 کے لگ بھگ درخواستیں بھی موصول ہوئی تھیں تاہم اس پر بھرتی نہ کی جاسکی، البتہ اس دوران اسے وزارت بین الصوبائی سے وزارت تعلیم پیشہ ورانہ تربیت منتقل کردیا گیا اور پھر سیکرٹری آئی بی سی سی کے عہدے کا چارج فیڈرل تعلیمی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر اکرام علی ملک کو دے دیا گیا یہ ایک اضافی چارج تھا جو ان کے ہائر ایجوکیشن کمیشن جانے تک جاری رہا لیکن جب وہ ایچ ای سی گئے اور فیڈرل تعلیمی بورڈ کو چھوڑا تو ساتھ ہی سیکرٹری آئی بی سی سی کے عہدے کا چارج بھی ختم ہوگیا۔

ڈاکٹر اکرام کے جانے کے بعد ٖفیڈرل بورڈ میں نئے چیئرمین کی تعیناتی ہوئی نہ ہی آئی بی سی سی میں سیکرٹری تعینات ہوسکا، دونوں اداروں کی ویب سائٹس پر تا حال اکرام علی ملک اپنے عہدوں پر تصاویر کے ساتھ موجود ہیں۔

انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین 1972 میں وزارت تعلیم کی ایک قرارداد کے تحت رکن بورڈز کے مابین معلومات کا تبادلہ کرنے، بورڈ کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے ، تعلیمی ، تشخیص اور نصاب معیارات کی یکسانیت کے منصفانہ اقدام کے حصول کے لئے تشکیل دیا گیا تھا۔

آئی بی سی سی کو تفویض کردہ اہمیت کا حامل ایک اور کام، ثانوی اسکول سند (ایس ایس سی) (میٹرک) ، ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس ایس سی) (انٹرمیڈیٹ کی سطح) اور تکنیکی تعلیم میں بھی اسی طرح کے پاکستانی اسنادکے ساتھ غیر ملکی قابلیت کے مساوی ہونے کا فیصلہ کرنا ہے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں