Print this page

ریٹائرڈ اساتذہ و دیگر ملازمین کے کاغذات تین دن میں مکمل کرنے کے احکامات جاری

سیکریٹری کالج ایجوکیشن بنتے ہی باقر عباس نقوی نے اپنے عمل سے سندھ کے کالج اساتذہ کے دل جیت لیے۔ سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے مرکزی صدر پروفیسر سید علی مرتضیٰ، پروفیسر شاہجہاں پنھور، پروفیسر کریم ناریجو، پروفیسر  اصغر شاہ، پروفیسر منور عباس، پروفیسر الطاف میمن، پروفیسر ڈاکٹر شکیل، پروفیسر غلام روسول لاکھو، پروفیسر مشتاق پھلپوٹہ، پروفیسرامیر علی لاشاری،پروفیسرنازیہ سولنگی، پروفیسر عارف یونس، پروفیسرعبدالمنان بروہی، پروفیسرآصف منیر، پروفیسر سعید فاطمہ، پروفیسرعدیل معراج،پروفیسرحسن میر بحر، پروفیسر عزیز میمن، پروفیسرعبدالمجید ٹانوری و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ گذشتہ چند ماہ کے دوران کالج ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے بہت سے کالج اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ رٹائر ہوا ہے جس کے سبب ان کی تنخواہ بند ہوگئی جبکہ دفاتر کے بند ہونے کے سبب ریٹائرمنٹ کے کاغذات بھی نہیں بن پائے تھے اس سبب وہ بے حد پریشان تھے جس کی اطلاع باقر عباس نقوی سیکریٹری کالج ایجوکیشن کو دی گئی، جس پرانہوں نے پہلے ہی روز ان تمام ریٹائرڈ اساتذہ سمیت دیگر ملازمین کے کاغذات کو تین دنوں میں مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیے جس سے سندھ بھر کے اساتذہ اور بالخصوص متاثرین بے حد خوش ہوئے ہیں۔

 سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے رہنماؤں نے مزیدکہا کہ چھ ماہ پہلے لیکچررز کی ہونے والی ڈی پی سی کا نوٹیفکیشن تا حال جاری نہیں ہو پایا ہے جس کے سبب پندرہ سال سے ترقی کے منتظر لیکچررز میں کافی مایوسی پھیلی ہوئی ہے۔

 سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے رہنماؤں کا مزید کہنا تھا کہ اس صوبے کے طلبہ بالخصوص سرکاری کالج کے طلبا و طالبات مہنگی انٹر نیٹ کے سبب یوٹیوب کی سہولیات سے استفادہ نہیں کر سکتے جبکہ والدین یوٹیوب کے حوالے سے تحفظات کا بھی شکار ہیں اس سلسلے میں سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسو سی ایشن کے رہنماؤں نے صوبائی وزیرِ تعلیم سعید غنی اور سیکریٹری کالج ایجوکیشن سید باقر عباس نقوی سے اپیل کی کہ وہ کالج طلبہ کی سہولت اور والدین کے ذہنی اطمنان کی خاطر یوٹیوب کے علاوہ دیگر طریقوں،آن لائن کلاسز یا کیبل آپریٹرز کے تعاون سے سندھ کالج کیبل ٹی وی چینل کا اجرا کیا جاسکتا ہے جس کے ذریعے روزانہ کی بنیاد پر چھ سے سات گھنٹے مختلف مضامین کے لیکچرز دکھائے جا سکتے ہیں ا س سلسلے میں سندھ بھر کے کالج اساتذہ بھرپور تعاون کرنے کو تیار ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں