Print this page

سندھ کے ساتویں تعلیمی بورڈ میں غیر مستقل چیئرمین کا تقرر

سندھ کے ایک اور تعلیمی بورڈ میں مستقل چیئرمین کے تقرر کے بجائے تاحکم ثانی پرانے چیئرمین کا ہی تقرر کردیا گیا ہے اور اس حوالے سےگزشتہ ماہ مدت مکمل کرنے والے میرپورخاص بورڈ کے چیئرمین برکات حیدری کی مدت ملازمت میں تاحکم ثانی توسیع کردی گئی ہے جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

اس طرح اب سندھ کے سات تعلیمی بوڑڈز میں غیر مستقل چیئرمین کام کررہے ہیں جن میں میٹرک بورڈ کراچی، انٹر بورڈ کراچی، سندھ بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن، سکھر تعلیمی بورڈ، لاڑکانہ تعلیمی بورڈ، نوابشاہ تعلیمی بورڈ اور میرپورخاص تعلیمی بورڈ شامل ہیں۔ ان ساتوں تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کے عہدوں کے لئے انٹرویوز مارچ کے پہلے ہفتے میں تلاش کمیٹی نے لے لئے تھے اور سیکرٹری بورڈز و جامعات نے حاصل کردہ نمبروں کی بنیاد پر سمری تیار کر کے وزیر اعلیٰ سندھ کو بھیج دی تھی۔

یہ سمری مشیر اعلیٰ اور چیف سیکرٹری سندھ کو توسط سے جانی تھی جو ڈیڑھ ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تاحال چیف سیکرٹری اور وزیر اعلیٰ سندھ تک نہیں پہنچی ہے اور صوبائی مشیر نثار کھوڑو کے دفتر میں رکی ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق مشیر نثار کھوڑو کو سمری پر اعتراضات ہیں مگر یہ سمری اعتراض دور کرنے کے لئے واپس بھی نہیں بھیجی گئی ہے جس کی وجہ سے میرپورخاص میں برکات حیدری کی مدت میں تاحکم ثانی توسیع کردی گئی۔

توسیع کے معاملے میں بھی امتیاز برتا گیا۔ برکات حیدری کی دوسری مدت ایک سال کے لئے بڑھائی گئی تھی جبکہ حیدرآباد کے چیئرمین ڈاکٹر محمد میمن کے مستعفی ہونے کے باوجود ان کو دوسری مدت تین سال کے لئے دے دی گئی تھی جو تاحال مکمل نہیں ہوئی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں