Print this page

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سےقابل تحسین کارنامہ

کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق بورڈ آف گورنرز کے تحت فنانس سے متعلق میٹنگ میں پاکستان کی مسلح افواج، رینجرز، پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں میں شہید ہونے والے جوانوں کے بچوں کیلئے میٹرک بورڈ میں انرولمنٹ، رجسٹریشن اورامتحانات کی فیسیں ہمیشہ کیلئے معاف کر دی گئی ہیں۔
 
چیئرمین میٹرک بورڈ پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین نے کہا کہ اس ملک کیلئے قربانی دینے والے شہدا کو ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور میٹرک بورڈ سے امتحانات دینے والے شہدا کے بچوں کوہم نے زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کیلئے یہ فیصلہ کیا ہے ۔
 
اسی طرح میٹرک بورڈ سے امتحانات دینے والے نابینا، قوت سماعت و بصارت سے محروم او ر جسمانی طور پر معذورطلبہ کی بھی فیسیں معاف کر دی گئی ہیں،ایسے طلبہ حکومت سندھ، سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ کے سرٹیفکیٹ یا نادرا کی جانب سے ملنے والے معذوری کے سرٹیفکیٹ پیش کر کے فیسیں معاف کرا سکتے ہیں۔
 
اس کے علاوہ اساتذہ کی سہولت کے پیش نظر کاپیاں چیک کرنے کے معاوضے کو 16روپے سے بڑھا کر20روپے فی کاپی کر دیاگیا ہے جس کا اطلاق آئندہ امتحانات سے ہوگا۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ جو اساتذہ امتحانات میں اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دیتے تھے اور ان کی 10ہزار روپے پر انکم ٹیکس کی کٹوتی کی جاتی تھی اب اس میں رعایت برتتے ہوئے اس کی حد30ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں