Print this page

جامعہ کراچی ذہین اورضرورت مندطلباء کی مالی معاونت کےلیےہمہ وقت تیارہے

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیرصدارت داخلے برائے سال 2021 ء کے حوالے سے اجلاس ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کرونا وائر س کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اسٹوڈنٹس ایڈمیشن فنڈ میں پچاس فیصد اضافے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت ایسے طلباوطالبات جو محض مالی مشکلات کی وجہ سے داخلہ فیس دینے سے قاصر ہیں ان کی داخلہ فیس مذکورہ فنڈ سے فراہم کی جائے گی۔

شیخ الجامعہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ میری پوری کوشش ہے کہ حصول علم کے خواہشمند طلباوطالبات کا محض مالی مشکلات کی وجہ سے تعلیمی سال ضائع نہیں ہونا چاہیئے۔انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ کراچی ذہین اور ضرورت مند طلباء کی مالی معاونت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ جامعہ کراچی سے تعلق رکھنے والے طلباء کی ایک بڑی تعداد ہائر ایجوکیشن کمیشن، حکومت پاکستان کیFunded Fully اسکالرشپ سے مستفید ہو رہی ہے نیز وزیر اعظم کی جانب سے اعلان کردہ "احساس اسکالر شپ پروگرام "کے تحت مستحق طلباء و طالبات کو مزید مالی معاونت میسر آرہی ہے۔

اجلاس کے ممبران کو بتایا گیا کہ ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی(مارننگ پروگرام)، ویژول اسٹڈیزاور بیچلرز،ماسٹرز (مارننگ پروگرام)میں داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں برائے سال 2021 ء کا آغاز 23 نومبر2020 ء سے ہوگا۔

علاوہ ازیں اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ داخلے سے متعلق رہنمائی کے لئے طلباوطالبات کی سہولت اور کروناوائر س کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر ایک سینٹر ل ہیلپ ڈسک کا قیام عمل میں لایاجارہاہے جہاں پر ہمہ وقت داخلہ کمیٹی کا عملہ موجود رہے گا۔

علاوہ ازیں طلباوطالبات کواس بات کا پابند کیا جائے گاکہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ایس اوپیز پرعملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ایسے طلباوطالبات جو اس دوران کووڈ19 میں مبتلاہوں یا ان میں ایسی علامات پائی جاتی ہوں،ان کو اپنی ٹیسٹ رپورٹ دکھاکر داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ ایسے طلباوطالبات جو ٹیسٹ کی تاریخوں میں کروناوائرس میں مبتلاہوں ان کی ٹیسٹ رپورٹ منفی آنے کی صورت میں ان کا داخلہ ٹیسٹ لیا جائے گا

واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ کے انعقاد کے لئے تمام امتحانی مراکز میں سینیٹائزر اور فیس ماسک کی موجودگی کو یقینی بنایاجائے گا اور اس کے ساتھ ساتھ تھرمل گن کے ذریعے داخلہ ٹیسٹ میں شرکت کرنے والے تمام امیدواروں کا ٹمپریچر چیک کرنے کے بعد انہیں داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت دی جائے گی۔

اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید،رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ،انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر،مشیر امورطلبہ ڈاکٹر سید عاصم علی،پروفیسر ڈاکٹر ناصرالدین خان،پروفیسر ڈاکٹر انیلا امبر ملک، تانیہ ناصر،پروفیسر ڈاکٹر نبیل احمد زبیری،پروفیسر ڈاکٹر محمد حارث شعیب،پروفیسر ڈاکٹر نصرت ادریس،پروفیسر ڈاکٹر مدثر الدین،ثمینہ قریشی،ڈاکٹر غزل خواجہ اور عبدالکریم بھی موجودتھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں