Print this page

جامعہ کراچی کےشعبہ سماجی بہبود کےڈیجیٹل لائبریری کاافتتاح

کراچی: جامعہ کراچی نے شعبہ سماجی بہبود جامعہ کراچی کےڈیجیٹل لائبریری کاافتتاح کردیا۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ شعبہ سماجی بہبود میں ڈیجیٹل لائبریری کا افتتاح لائق تحسین ہے،مذکورہ لائبریری سے ریسرچر کو تحقیق کے لئے مواد کی دستیابی میں آسانی ہوگی۔ مستند اور قابل اعتماد معلومات تک رسائی معیاری تحقیق کیلئے ناگزیر ہوتی ہے اور اس کے بغیر ایک اچھی تحقیق کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے مزید کہاکہ سماجی علوم میں تحقیق با معنی ہونی چاہئے جو انسانی سماجی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کر سکیں،سماجی علوم معاشرے میں مختلف اظہار رائے کو پیش کرنے کا کردار ادا کرتے ہیں جس سے معاشرے کی ترقی ممکن ہوتی ہی جدید ٹیکنالوجی کی موجودگی میں یہ آپ پر منحصر ہے کہ آپ اس سے کتناد ہ استفادہ کرتے ہیں۔

اس موقع پر رئیسہ کلیہ فنون وسماجی علوم جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ نے کہا کہ ڈیجیٹل لائبریری کا قیام ناگزیر ہوگیا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کے اس دور میں پوری دنیا ڈیجیٹلائزیشن کی جانب گامزن ہے۔ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونے کے لئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا ضروری ہے۔انہوں نے شعبہ سماجی بہبود کو ڈیجیٹل لائبریری کے افتتاح پر مبارکباد بھی پیش کی۔

شعبہ سماجی بہبود کے چیئر مین ڈاکٹر شاہد نے ڈیجیٹل لائبریری کے اغراض ومقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شعبہ ہذا کی پوری کوشش ہے کہ وہ اپنے اساتذہ،ریسرچرز اور طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کریں اور ڈیجیٹل لائبریری اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں