Friday, 15 November 2024

ایمز ٹی وی (لاہور) ایوان اقبال میں شاعر مشرق کے 137ویں یوم پیدائش کے موقع پر خصوصی تقریب سے خطاب کے دوران گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں ہمیں سوچنا چاہئے کہ ہم نے علامہ اقبال اور قائد اعظم کے ملک کو کہاں پہنچایا ہے، انتہاپسندی نے ملک کو بہت نقصان پہنچایا ہے، چوہدری محمد سرور نے کہا کہ گزشتہ دنوں کوٹ رادھا کشن میں مسیحی جوڑے کو زندہ جلانے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، اس طرح کا سلوک نہ اسلام سکھاتا ہے اور نہ ہی کوئی دوسرا مذہب، حکومت اس قسم کی بربریت کو کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور واقعے میں ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔مسلمانوں کے اعلیٰ اقدار اور روایات کے احیا کےلئے اقبال کا کلام ایک روشنی کی حیثیت رکھتا ہے، ہمیں علامہ اقبال کے فکرکو اپنانے کی ضرورت ہے۔

ایمز ٹی وی (خیبرایجنسی ) خیبرایجنسی میں وادی تیراہ کے علاقے اکاخیل میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے ، جس سے کالعدم لشکر اسلام کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں ،سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ اکاخیل میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلا ک ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں اہم دہشت گرد کمانڈر منور بھی شامل ہے،ہلاک ہونے والوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے،دوسری جانب لیویز ذرائع کے مطابق وادی تیراہ کے علاقہ نیرے بابا میں دہشت گردوں اور امن لشکر کے درمیان جھڑپ ہوئی جھڑپ میں ایک دہشت گرد ہلاک جبکہ امن لشکر کا ایک رضا کار جاں بحق ہوگیا۔ جبکہ دہشت گردوں نے لنڈی کوتل ایف سی چھاؤنی کے شلمان دروازے پر دستی بم سے حملہ کیا گیا۔دھماکے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا بلکہ چھاؤنی کے باہر واقع کمرے کو جزوی نقصان پہنچا۔ادھر تحصیل باڑہ کے علاقے شلوبرپرامن لشکرنے کنٹرول حاصل کرلیا، کالعدم لشکراسلام کے دہشت گرد شلوبرکے علاقے میں گاڑیاں چھوڑکرفرارہوگئے، رضا کاروں نے دہشت گردوں کے 3 کمانڈروں کے گھروں کو بھی جلادیا۔

ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کا وفد خشک سالی سے متاثرہ افراد کی مدد کے لئے خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں تھر روانہ ہو گیاجبکہ قحط زدہ خاندانوں کی امداد کے لیے 2 ایمبولینسیں، دوائیں اور لاکھوں روپے کا امدادی سامان پہلے ہی روانہ کیا جا چکا ہے۔ ایم کیو ایم کے وفد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کی ارکان کے علاوہ خدمت خلق فاﺅنڈیشن کی میڈیکل ایڈ کمیٹی کے ڈاکٹرز او رضاکاروں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔ایم کیوایم کی ٹیم تھر میں بیماریوں سے متاثرہ افراد کو طبی سہولتیں فراہم کرے گی ۔

ایمز ٹی وی (پشاور) سینٹرل جیل پشاور میں دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظرکی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ دہشت گردی کے ممکنہ حملے کے پیش نظر جیل کی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔سینٹرل جیل کے ذرائع کے مطابق جیل اور اطراف میں پولیس کے علاوہ ایلٹ فورس کے کمانڈوزبھی تعینات کر دیئے گئے ہیں۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر اعظم نواز شریف نے حامد علی خان کو قومی ادارے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) کا سربراہ مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے، حامد علی خان کو نیکٹا کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ جمعرات کو وزیر اعظم نواز شریف نے اس وقت کیا جب انھوں نے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی، واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے نیکٹا کے 6 ملازمین کی درخواستوں پر فیصلہ سناتے ہوئے ادارے کے سربراہ خواجہ اشرف کو ہٹانے اور ادارے کو دوبارہ وزیر اعظم کے ماتحت کرنے کا فیصلہ سنایا تھا۔ عدالت کا برطرف 6 ملازمین کی بحالی کا بھی حکم دیتے ہوئے کہنا تھا کہ نیکٹا کے انتظامی امور وزارت داخلہ کے سپرد کرنے کا نوٹی فکیشن آئین سے متصادم ہے۔واضح رہے کہ حامد علی خان سیکریٹری کیپیٹل ڈویلپمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن کے طور پر کام کر رہے ہیں جب کہ وہ وزارت داخلہ میں ایڈیشنل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

ایمز ٹی وی (تھرپارکر) سندھ حکومت نے امدادی گندم کے نام پر مٹی سے بھری گندم کی بوریاں تھر پہنچا دی، زرائع کے مطابق مٹھی کے ریلیف گندم گودام میں جامشورو کے بولاڑی گودام سے لائی گئی گندم کی بوریوں میں سے 292 بوریاں ایسی نکل آئیں جن میں مٹی بھری ہوئی تھی جو کہ غریبوں میں تقسیم کی جانی تھی۔ گودام انچارج کا کہنا ہے کہ 4 نومبر کو جامشورو کے بولاڑی گودام سے گندم کی 4 ہزار 895 بوریاں مٹھی لائی گئی جن میں سے 292 بوریوں میں مٹی سے بھری ہوئی گندم تھی جبکہ اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ خوراک کو اطلاع کردی گئی تھی اور 2 روز تک بوریوں سے لدے ٹرک گودام کے باہر ہی کھڑے رہے تاہم اعلی حکام کے دباؤ پرمٹی سے بھری بوریوں کو گودام میں رکھ دیا گیا۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر تھرپارکر آصف جمیل نے ساری ذمہ داری محکمہ خوراک پر ڈالتے ہوئے کہا کہ گندم کی فراہمی محکمہ خوراک کی ذمہ داری ہے تاہم خراب گندم کو الگ کرلیا گیا ہے جسے جلد واپس بھجوادیا جائے گا جبکہ صاف گندم مٹھی تحصیل کے 1200 خاندانوں میں تقسیم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کے لئے مٹھی گودام پہنچا ہوں اور خراب گندم کے حوالے سے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد دھرنے میں شرکت کیلئے کسی بھی قیادت کے بغیر پی ٹی آئی کےکارکن لاہورسےقافلے کی شکل میں روانہ ہو گئے،اسلام آباد دھرنے میں شرکت کیلئےپی ٹی آئی کےکارکن قذافی اسٹیڈیم میں جمع ہوئے،جہاں سےوہ مختلف گاڑیوں پرقافلے کی شکل میں اسلام آباد روانہ ہوگئے۔اسلام آباد جانےوالوں میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی،تاہم کوئی مرکزی رہ نما اس موقع پر موجود نہ تھا،پی ٹی آئی کےکارکنوں نے قذافی اسٹیڈیم میں بھنگڑے ڈالے اور گو نواز گو کےنعرےلگائے۔ان کارکنوں میں خواتین کی تعداد زیادہ تھی۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بچپن میں سب نے جن بھوتوں اور چڑیلوں کے حملوں کے قصے کہانیاں اور افسانے تو بہت پڑھےاور سنے ہوں گے مگر اردن میں حقیقتاََ ایک اسکول پر جنوں نے حملہ کر دیا اور طالبات کو زخمی بھی کردیا۔ یہ واقعہ پیش آیا اردن کے مغربی حصے میں واقع لڑکیوں کے اسکول میں جہاں اس وقت کہرام مچ گیا جب جنوں کی جماعت نے اچانک حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں 4 طالبات زخمی ہو گئیں۔ مقامی افراد کے مطابق اسکول پر جن بھوتوں کا قبضہ ہے کیونکہ اسکول کے ارد گرد آسیب زدہ درخت موجود ہیں۔ خیال رہے کہ مغربی اردن میں واقع ایک سکول پر اس سے قبل بھی جنات نے حملہ کیا تھا جس میں ایک خاتون ٹیچر سمیت 17 طالبات نے بمشکل اپنی جان بچائی تھی۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے چینی صدر سے ملاقات میں شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی کرانے کیساتھ ساتھ پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کو تحفظ کی بھی یقین دہانی کرائی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ چین کافی عرصے سے سنکیانگ کے شدت پسند کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر رہا ہے، ایسٹ ترکستان اسلامک موومنٹ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔

(ایمز ٹی وی) پاکستانی فنکار علی ظفر کا کہنا ہے کہ بالی وڈ میں انھوں نے اپنے لیے کچھ اصول و ضوابط مرتب کر رکھے ہیں جس کی وہ کبھی خلاف ورزی نہیں کریں گے۔ ’پاکستانی ہونے کے ناطے میرے کچھ اصول ہیں۔ میں پردۂ سیمیں پر کبھی کِس نہیں کروں گا۔ کوئی بولڈ سین نہیں کروں گا۔‘ علی ظفر، یش راج بینر کی فلم ’ كِل دل‘ میں ایک اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم میں ان کے ساتھ گووندا، پرينیتی چوپڑا اور رنویر سنگھ جیسے بڑے ستارے ہیں۔

’مجھے کام ملے یا نہ ملے، میں اپنے اصولوں پر قائم رہوں گا۔‘ وہ اپنی بات کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہتے ہیں: ’سلمان خان بھی تو پردے پر کس نہیں کرتے لیکن وہ تو سُپر سٹار ہیں۔‘

لیکن ان کی فلم ’ لندن، پیرس، نیویارک‘ میں تو ان کا ایک كسنگ سین تھا، تو پھر یہ کیا بات ہوئی؟ ظفر اس کی وضاحت کرتے ہیں: ’ کہانی کے لیے وہ بوسہ ضروری تھا لیکن پھر بھی وہ میں نے نہیں میرے باڈی ڈبل نے کیا تھا۔‘

علی ظفر اس بات سے بھی خوش ہیں کہ ہندوستان میں ان کے علاوہ فواد خان، عمران اور حمیمہ ملک جیسے پاکستانی فنکاروں کو مسلسل کام مل رہا ہے۔ ان کی دلی تمنّا ہے کہ پاکستانی فلم انڈسٹری بھی بالی وڈ کی طرح پھلے پھولے۔