کراچی: وفاقی جامعہ اردو تاریخ کے بدترین مالی بحران کا شکار ہوگئی ۔
تفصیلات کے مطابق جامعہ اردو کے وائس چانسلرپروفیسرضیاالدین نےجامعہ کی سنگین صورتحال کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے میڈیا کو بتایا کہ جامعہ کے پاس تنخواہوں کی ادائیگی کےلئے بھی بجٹ میسر نہیں،جامعہ میں انتظامی بحران کی وجہ سے ماضی میں غلط فیصلے کیےگئے، غلط فیصلوں کا اثر یونیورسٹی کے فنانس پر پڑا۔
انہوں نے مزید کہاکہ جامعہ میں علوم کی بنیاد شعبہ فلسفہ ہی موجود نہیں ہے، کسی جامعہ میں اگرشعبہ فلسفہ نہ ہوتو وہاں ریسرچ کی گنجائش ہی نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جامعہ اردو کو نہ مکمل گرانٹ کبھی ملی،اور نہ ہی حکومتی تعاون پبلک سیکٹریونیورسٹیز میں گروپنگ کے باعث بھی بیشترامور متاثر ہوئے، ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ اسٹاف دونوں میں گروپنگ کی صورتحال موجود ہے۔
کرائسٹ چرچ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نےنیوزی لینڈکےمیچ میں خراب کارکردگی کااعتراف کرلیا۔
میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتےہوئے بابراعظم کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ میں غلطیاں کیں جبکہ میچ جیتنے کے لیے 130رنز بہت کم تھے۔
سہ فریقی سیریز میں میزبان ٹیم کے ہاتھوں 9 وکٹوں سے شکست پر کپتان بابر اعظم نے کہا کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 160کے قریب اسکور ہوتا تو میزبان ٹیم کو روک سکتے تھے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچ سلو تھی اور ہم نے اچھی بیٹنگ بھی نہیں کی، کوشش کریں گے اگلے میچوں میں غلطیوں سے سبق سیکھیں۔
واضح رہے کہ سہ فریقی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 131 رنز کا ہدف دیا تھا تاہم کیوی ٹیم نے یہ ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر 16.1 اوور میں حاصل کرلیا۔
کرائسسٹ چرچ: سہ فریقی ٹی 20 سیریز کے چوتھےمیچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ہدف کے تعاقب میں کیوی اوپنرز کے درمیان پہلی وکٹ کی شراکت میں 117 رنز بنائے گئے، اوپنر فن ایلن 62 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ ڈیون کانوے 49 اور کپتان کین ولیمسن 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔، کیوی ٹیم نے 131 رنز کا ہدف 16.1 اوور میں حاصل کر لیا۔
کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے ابتدا میں جارحانہ انداز اپنایا گیا لیکن وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی وکٹ گرتی ہی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 30 رنز، دوسری وکٹ 54 رنز، تیسری وکٹ 62 رنز، چوتھی وکٹ 65 رنز جبکہ پانچویں وکٹ 77 رنز پر گر گئی۔ اسکے بعد افتخار احمد اور آصف علی کے درمیان 51 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
چھٹی اور ساتویں وکٹ 128 رنز پر گری، قومی ٹیم کی جانب سے افتخار احمد 27 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ آصف علی 25 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، حارث رؤف کی جگہ نسیم شاہ کو فائنل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔ نیوزی لینڈ نے اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، بلیئر ٹکنر اور مچل سینٹنر ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔
سوات میں اسکول وین پر فائرنگ کےواقعہ میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا اور دو بچے زخمی ہوگئے۔
سوات کے علاقے گلی باغ میں اسکول وین پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق اور دو بچے شدید زخمی ہوگئے۔حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔
ڈرائیور کی لاش اور زخمی بچوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا۔اسکول وین پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ڈرائیور کے ورثاء اورعوام نے میت کو چوک میں رکھ کر مظاہرہ کیا۔
مظاہرین نے سوات میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافے کو ناقابل برداشت قراردیتے ہوئے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب دیرلوئر میں معمولی مسئلہ پر فائرنگ کے نتیجے میں اسکول جانے والے 4 طلبا زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق زخمی طلبا کو ڈسٹرکٹ اسپتال تیمر گرہ منتقل کردیا گیا ہے۔
لاہور: پنجاب کے 6تعلیمی بورڈز میں چیئرمینز کی تعیناتی کا مسئلہ تاحال حل نہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے 6تعلیمی بورڈز میںمستقل چیئرمین کی تعیناتی نہ ہوسکی اس حوالے سےمحکمہ ہائر ایجوکیشن کے ذرائع نے بتایا ہے کہ امیدواروں کی اسکروٹنی کے لئے بنائی گئی کمیٹی پوری نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال ہے، مستقل سربراہان نہ ہونے کے باعث مستقبل سربراہان نہ ہونے سے بورڈز میں بحران پیدا ہونے لگا ہے، جولائی میں محکمہ ہائر ایجوکشن کی جانب سے درخواستیں طلب کی گئی تھیں، ڈیڑھ ماہ گزرنے کے بعد بھی امیدواروں کی اسکروٹنی مکمل نہیں ہوسکی۔
کراچی: جامعہ کراچی میں تصنیف بعنوان: ”ڈاکٹر عبدالقدیر خان:تعلیم اورسائنس وٹیکنالوجی کے لئے کاوشیں“ کی بزم پزیرائی 10 اکتوبر کو ہوگی ۔
معروف ایٹمی سائنسدان ومحسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی پہلی برسی کی مناسبت سے 10 اکتوبر 2022 ء کوڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ جامعہ کراچی کے جناح آڈیٹوریم میں ایک تقریب منعقد ہوگی ۔
جس میں ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر عابداظہر اور ایچ ای جے جامعہ کراچی کے پروفیسر ڈاکٹر محمد رضاشاہ کی تصنیف بعنوان: ”ڈاکٹر عبدالقدیر خان: تعلیم اور سائنس وٹیکنالوجی کے لئے کاوشیں“ کی بزم پزیرائی بھی ہوگی۔
سابق وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم رضاصدیقی صدارت کریں گے جبکہ دیگر مقررین میں جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی،ڈاکٹر انورنسیم،سینیٹر عبدالحسیب خان،ڈاکٹر دینا خان،اے کے میمن،میاں ارشد فاروق،پروفیسر محمد رضاشاہ اور پروفیسر ڈاکٹر عابد اظہر شامل ہیں
کراچی: جامعہ اردو نے سالانہ امتحانی فارم جمع کرانےکی تاریخ میں توسیع کردی
وفاقی اردو یونیورسٹی کے قائم مقام ناظم امتحانات غیاث الدین کے مطابق ایم اے(پرائیویٹ) کے سالانہ امتحانی فارم جمع کرانے کی تاریخ میں11 اور12اکتوبر2022 تک توسیع کردی گئی ہے۔
طلباءو طالبات امتحانی فارم جامعہ اردو کی ویب سائٹ سے صبح9سے شام5بجے تک آن لائن پر کرنے کے بعد ڈاؤن لوڈ کرکے پرنٹ حاصل کریں۔
کراچی کے طلبہ فیس واؤچرپر درج بینک میں جمع کرائیں فیس واؤچر اور فارم گلشن اقبال شعبہ امتحانات پرائیویٹ رجسٹریشن کاؤنٹر پر جمع کروائیں اور وہیں سے ایڈمٹ کارڈ حاصل کریں۔
اسلام آباد کے طلبہ فیس واؤچر عسکری بینک آبپارہ برانچ میں جمع کرانے کے بعد فیس واؤچر اور فارم اسلام آباد کیمپس شعبہ امتحانات میں جمع کروائیں اور14اکتوبر2022 اپنی IDسے ایڈمٹ کارڈ پرنٹ کریں۔
کراچی کے طلبہ کی امتحانی فیس 5000/=روپے اور اسلام آباد کے طلبہ کی امتحانی فیس 5200/=مقرر کی گئی ہے۔واضح رہے کہ ایم اے (پرائیویٹ)کے امتحانات 15اکتوبر2022سے منعقد کئے جارہے ہیں۔
کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی میٹا نے 10 لاکھ صارفین کو خبردار کیا ہےکہ ان کے اکاؤنٹ کی معلومات گوگل اورایپل اسٹور پر موجود تھرڈ پارٹی ایپس چوری کر رہی ہیں۔
ایک نئی رپورٹ میں کمپنی کے سیکیورٹی محققین کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس انہوں نے 400 سے زائد جعلی ایپلی کیشنز کی شناخت کی جو فیس بک صارفین کی معلومات چراتی تھیں۔
کمپنی کے مطابق یہ ایپس تفریح یا کارآمد سروسز کے طور پر متعارف کرائی جاتی تھیں جیسے کہ فوٹو ایڈیٹر یا کیمرا ایپس وغیرہ۔
ان ایپس کو استعمال میں لانے کے لیے صارفین کو فیس بک اکاؤنٹ سے لاگ ان ہونا پڑتا تھا۔ لیکن یہ لاگ اِن فیچرز صارف کی فیس بک آئی ڈی کی معلومات چُرانے کے ذریعے سے زیادہ کچھ نہیں ہوتےتھے۔
میٹا کے خطرات کو روکنے والے شعبے کے ڈائریکٹر ڈیوڈ اگرانووچ نے واضح کیا کہ ان ایپلی کیشنز میں سے اکثریت ایپس بمشکل ہی فعال تھیں۔
رپورٹروں کو بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ان ایپس میں سے اکثر لاگ اِن ہونے سے قبل معمولی سطح پر فعال ہوتی تھیں جبکہ جب کوئی لاگ اِن کرنے پر رضا مند ہوجاتاتو زیادہ تر ایپ بالکل بھی فعال نہیں ہوتیں۔
میٹا کے علم میں یہ بات آئی کہ یہ نقصان دہ ایپس گوگل کے پلے اسٹور اور ایپل کے ایپ اسٹور دونوں جگہ موجود ہیں۔ اگرچہ انڈرائیڈ پر ان ایپس تعداد زیادہ ہے۔
کرائسسٹ چرچ: سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔
کرائسسٹ چرچ میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، کیوی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر محض 147 رنز بناسکی تھی۔
پاکستان نے 18.2 اوورز میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیا گیا ہدف محض 4 وکٹوں کی نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ابتداء میں دو وکٹیں جلد گرنے کے باعث مشکلات کا شکار ہوئی تاہم کپتان بابراعظم اور شاداب خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، بابراعظم نے 53 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاداب خان نے 34 رنز بنائے۔
دیگر بلےبازوں میں اوپنر محمد رضوان 4، محمد نواز 16 اور شان مسعود 0 پر آؤٹ ہوئے جبکہ کیوی بالرز کی جانب سے بلیئر ٹیکنر نے 2 جبکہ ٹم ساؤتھی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کیوی ٹیم کی جانب سے پہلے کھیلتے ہوئے ڈیون کانوے 36، کپتان کین ولیمسن 31 اور چیممین 36 رنز بناکر نمایاں رہے دیگر کھلاڑیوں میں فن ایلن 11، گلین فلپ 18، جمی نیشم 5، ایش سودھی 2 جبکہ مچل پریسویل کو ئی رن نہ بناسکے تھے۔
پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3، محمد وسیم جونئیر اور محمد نواز نے 2، 2 جبکہ دھانی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
دبئی: میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام کے بانی نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ چاہتے ہیں کہ ان کا فون ہیک نہ کیا جائے تو وہ واٹس ایپ کے علاوہ کوئی بھی میسیجنگ ایپ استعمال کریں۔
پیول ڈیوروف نے گزشتہ ہفتے واٹس ایپ کی جانب سے کی جانے والی سیکیورٹی نشاندہی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ نقص ہیکر کو کسی بھی شخص کے نمبر پر ایک نقصان دہ ویڈیو بھیج کر فون کا مکمل کنٹرول حاصل کرنے کی صلاحیت دیتا ہے۔
انہوں نے ٹیلی گرام پر دعویٰ کیا کہ ہیکروں کو واٹس ایپ صارفین کے فون میں ہر چیز تک رسائی ہوسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال ہمیں واٹس ایپ کے متعلق کسی مسئلے کا علم ہوتا ہے جو صارفین کی ڈیوائسز کو خطرے میں ڈال دیتا ہے۔ اس سے فرق نہیں پڑتا کہ آپ کون ہیں اگر آپ کے فون میں واٹس ایپ ہے تو آپ کے فون میں موجود ہر ایپ کے تمام ڈیٹا تک رسائی ممکن ہے۔
روس سے خود ساختہ جلاوطن ہونے والے روسی ارب پتی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی کے یہ نقائص خفیہ طور پر ڈالے گئے ہیں تاکہ حکومتیں، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ہیکرز اِنکرپشن اور دیگر سیکیورٹی اقدامات کی خلاف ورزی کر سکیں۔
پیول ڈیوروف اس سے پہلے بھی یہ کہہ چکے ہیں کہ جب تک واٹس ایپ کے کام کرنے کے طریقے میں بنیادی تبدیلیاں نہیں کی جاتیں، یہ ایپ کبھی بھی محفوظ نہیں ہوگی۔