Print this page

مائیکل جیکسن کی البم کا نیا ریکارڈ برقرار

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ)کنگ آف پاپ امریکی تاریخ کے کامیاب ترین موسیقار ،جس کا فن چالیس سالوں تک مرکز نگاہ رہا اور جس کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں ایک نہیں کئی حوالوں سے درج ہے، مائیکل جیکسن کی موت کے بعد بھی انکی البم نے نیا ریکارڈ بنا لیا۔ امریکا کی ریکارڈنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 1982 میں جاری ہونے والے ’تھرلر‘ پہلا ایسا البم ہے، جس کی امریکا میں 3.3 کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ تھرلر میں ’بیٹ اٹ‘ اور ’بیلی جین‘ جیسے میگا ہٹ گانے موجود ہیں، جس کی وجہ سے مائیکل جیکسن ریکارڈ 12 مرتبہ گریمی ایوارڈز کیلئے نامزد ہوئے اور ان میں سے آٹھ مرتبہ کامیابی سمیٹی۔ اس البم نے تیس مرتبہ پلیٹینیم کا سنگ میل عبور کیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اوسطاً ہر دس میں سے ایک امریکی کے پاس یہ البم موجود ہے۔ انڈسٹری گروپ کے چیئرمین کیری شیرمن نے ایک بیان میں اسے غیر معمولی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا اس ریکارڈ نے ثابت کر دیا کہ تھرلر ہمیشہ ہمارے دلوں اور موسیقی کی تاریخ میں زندہ رہے گا۔ تھرلر دنیا کا سب سے زیادہ فروخت ہونے والا البم بھی ہے، جس کا کوئی دوسرا البم مقابلہ کرنے سے قاصر ہے، یہ البم اپنے وقتوں کا ایک میوزیکل اور مارکیٹنگ بریک تھرو سمجھا جاتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق تھرلر کی دنیا بھر میں دس کروڑ کاپیاں فروخت ہوئیں۔ یاد رہے کہ موسیقی کی دنیا میں نئے رجحانات متعارف کرانے والے مائیکل جیکسن 25 جون 2009 ء کو گولیوں کی زائد مقدار لینے کی وجہ سے دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں