جمعرات, 25 اپریل 2024


بالی ووڈ کی تاریخی فلم "پدماوتی"کے ٹریلر نےدھوم مچادی

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے۔ بھارتی ہدایت کار سنجے لیلیٰ بھنسالی تاریخی واقعات پر فلمیں بنانے کے لیے مشہور ہیں، ان کی فلمیں ’’دیوداس‘‘ اور ’’باجی راؤ مستانی‘‘ تاریخی واقعات پر مبنی کامیاب ترین فلمیں تھیں جنہوں نے باکس آفس پر بھی شاندار بزنس کیا تھا۔ اب ایک بار پھر بھنسالی ایک اورتاریخی فلم’’پدماوتی‘‘ کے روپ میں لے کرآئے ہیں جس کے ٹریلر کو لانج کرنے کے لیے13:03 یعنی 1 بج کر 3 منٹ کے مخصوص وقت کا انتخاب کیا گیاہے۔
ٹریلر میں اداکارہ دپیکا پڈوکون رانی پدماوتی کے روپ میں نہایت خوبصورت لگ رہی ہیں جب کہ اداکار شاہد کپورراجا رتن سنگھ اور رنویر سنگھ علاؤالدین خلجی کے کردار میں ماضی کا ہی حصہ لگ رہے ہیں۔
فلم کی کہانی رانی پدمنی یا پدماوتی کے گرد گھومتی ہے، جس کی خوبصورتی کے چرچے دور دور تک مشہور تھےاوراس کی ایک جھلک دیکھنے کے بعد علاؤالدین خلجی پدماوتی کے حسن کے دیوانے ہوگئے تھے اورانہیں حاصل کرنے کے لیے ان کے شوہر راجارتن سنگھ کو قتل کردیا تھا تاہم رانی پدماوتی نے خلجی کے ظلم سے بچنے کے لیے آگ میں کود کراپنی جان دے دی تھی۔
 
 
تقریباً 3 منٹ کے ٹریلر میں فلم کے ہر پہلو کو بہت واضح انداز میں دکھایا گیا ہے، جس میں راجا رتن سنگھ اور علاؤالدین خلجی کے درمیان ہونے والی جنگ کا شاندار منظر، خلجی کا انتقام، پدماوتی کا غروراور رتن سنگھ کی اپنی ریاست اور بیوی سے محبت شامل ہے۔
فلم کے ٹریلر کو 1 بج کر 3 منٹ پر جاری کرنے کے پیچھے بھی ایک خاص وجہ ہے، دراصل سال 1303 میں دہلی سلطنت کے سلطان علاؤالدین خلجی اور رتن سنگھ کے درمیان 8 ماہ پر محیط طویل جنگ ہوئی تھی، لہٰذا اسی مناسبت سے ٹریلر 13:03 یعنی 1 بج کر 3 منٹ پر جاری کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل فلم کے کئی پوسٹرجاری کیے گئے تھے جن میں دپیکا پڈوکون اور شاہد کپور کے شاہانہ اور رنویر سنگھ کے منفی کردار کو شائقین کی جانب سے خوب پزیرائی حاصل ہوئی تھی، فلم رواں سال یکم دسمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment