Print this page

سلمان خان جیل سے آزاد ہوگئے

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)بھارتی عدالت نے نایاب کالے ہرن شکار کے کیس میں سزا یافتہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار کھتری نے سلمان خان کی جانب سے دائر درخواست پر پہلے سے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ان کی ضمانت منظور کرلی ہے۔
سلمان خان کو دوروز قبل نایاب کالے ہرن کے شکار کے کیس میں مجسٹریٹ عدالت کے جج دیوکمارکھتری نے سزا سنائی تھی جب کہ جودھ پور ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رویندرا کمار جوشی نے گزشتہ روز سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت ایک دن کیلئے ملتوی کردی تھی۔
آج ایک بار پھر سلمان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی، سماعت صبح ساڑھے 10 بجے شروع ہوئی تاہم ایک بار پھر عدالت نے فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے سماعت سہہ پہر تک ملتوی کردی تھی۔ وقت مقررہ پر جج رویندرا کمار جوشی نے فیصلہ سناتے ہوئے سلمان خان کی ضمانت منظور کرلی۔
سماعت سے قبل امکان ظاہر کیا جارہا تھا اگر سلو میاں کو آج بھی ضمانت نہ ملی تو انہیں مزید کچھ دن سلاخوں کے پیچھے گزارنے پڑیں گے۔ سلمان خان کے جیل میں مزید قیام کا سن کر ان کے مداح بے چین تھے تاہم عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد ان کے مداحوں نے سکون کا سانس لیا اورجشن منایا۔
دوسری جانب راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سےسلمان خان کو جیل بھیجنے والے مجسٹریٹ عدالت کے جج دیو کمار کھتری اور ان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ محفوظ کرنے والے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنجج رویندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججوں کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق یہ معمول کی کارروائی ہے، ہر سال 15 سے 30 اپریل تک ججز کے تبادلے کیے جاتے ہیں۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو دوروز قبل 19 سال پرانے نایاب کالے ہرن شکار کے کیس میں بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کی مقامی عدالت نے قصوروارٹہراتے ہوئے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی تھی۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں