منگل, 23 اپریل 2019


بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دیں گے

چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے کہا ہے کہ بھارتی فلموں کی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دیں گے۔

آل پاکستان سیٹلائٹ گڈز ایسوسی ایشن نے غیرقانونی انڈین ڈی ٹی ایچ ڈش اور سی لائن کے آلات رضاکارانہ طور پر تلف کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے خصوصی شرکت کی۔

چیئرمین پیمرا نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہال روڈ تاجروں کا یہ اقدام خوش آئند ہے کہ انھوں نے قومی فریضے کو سمجھتے ہوئے پیمرا قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا ہے، سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت اس مہم کو مزید تیز اور موثر بنایا جائے تاکہ پاکستانی ڈیٹی ایچ کیلیے راستہ ہموار کیا جا سکے، پیمرا غیر قانونی انڈین ڈی ٹی ایچ کا سگنل استعمال کرنے والے کیبل آپریٹرز کیخلاف کارروائی کا جلد آغاز کرے گا ۔

 اس موقع پر آل پاکستان سیٹلائیٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ہال روڈ کے تاجروں کے ہمراہ ڈی ٹی ایچ ڈش اور دیگر آلات کو نذر آتش کر کے پیمرا کے بھارتی نشریات نہ دکھانے کے فیصلے کی تائید کی اور چیئرمین پیمرا کے حق میں نعرے لگائے ۔

 علاوہ ازیں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے آل پاکستان سیٹیلایٹ ایسو سی ایشن کے عہدیداروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ انڈین فلموں کی پاکستان میں نمائش کی اجازت نہیں دیں گے۔ انڈیا فلم انڈسٹری کے ذریعے پاکستان سے پیسے اکٹھے کر کے پاکستان پر ہی بمباری کرتا ہے ، میں عوامی نمائندہ ہوں ، پیمرا تاجر برادری کے ساتھ ہے ، پیمرا کا ساتھ دینے پر ہال روڈ تاجر برادری کا مشکور ہوں ۔

اس موقع پر آل پاکستان سیٹیلایٹ ایسو سی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ تاجر برادری انڈین مواد کیخلاف ہے اور انڈین چینلز کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment