منگل, 23 اپریل 2024


مفت انٹرنیٹ پروگرام پر پابندی عائد

ایمز ٹی وی (ٹیکنالوجی)فیس بک سستے انٹرنیٹ تک رسائی کے لیے ایک نئے پروگرام کا آغاز کررہی ہے جس کی آزمائش سب سے پہلے انڈیا میں کی جائے گی، جہاں اس کے مفت انٹرنیٹ پروگرام پر پابندی عائد کی جاچکی ہے۔ جی ہاں فیس بک اس وقت انڈیا میں ایکسپریس وائی فائی کو ٹیسٹ کررہی ہے جس کے ذریعے غریب افراد تیز ترین، قابل اعتبار اور سستے ڈیٹا پیکجز کو خرید سکیں گے۔

اس سے پہلے انڈیا میں رواں سال جنوری میں فیس بک فری بیسک پروگرام پر پابندی عائد کی گئی تھی اور اس کا جواز فیس بک کی جانب سے اس پروگرام کے تحت چند مخصوص ویب سائٹس تک مفت رسائی دینا بتایا گیا تھا۔ مگر فیس بک فری بیسک کے مخالفین اس نئے پروگرام پر خوش ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ اس کے ذریعے دیہی علاقوں میں انقلابی تبدیلی لائی جاسکے گی۔

دوسری جانب گوگل بھی انڈیا میں 2016 کے آخر تک سو ریلوے اسٹیشنز پر ہائی اسپیڈ وائی فائی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کررہا ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق بڑھتی آمدنی اور اسمارٹ فونز تک رسائی کے باوجود کمزور انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کے باعث دو تہائی انڈین عوام آن لائن نہیں۔

مارک زکربرگ نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ مختلف ممالک میں ہمارے فری بیسک منصوبے کو دھچکا لگا خاص طور پر انڈیا میں، مگر ہم نے اس سے سیکھا ہے اور اس کے مطابق نئی چیزوں پر کام کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کی چیزوں سے ہم مستقبل کے لیے سبق سیکھ رہے ہیں اور دنیا بھر میں مفت انٹرنیٹ کی فراہمی کے منصوبے پر کام جاری رکھا جائے گا، ایک دن ہم ثابت کریں گے کہ یہ دنیا بھر میں ایک کامیاب پروگرام ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment