Print this page

انسانی زندگی کوسہل بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے دیگرمخلوقات کی زندگی خطرے میں

 

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) انسان اپنی زندگی کو آسان بنانے کے لیے جدید سے جدید ترٹیکنالوجی ایجاد کررہا ہے۔ جس کے باعث اس کی زندگی تو آسان ہورہی ہے مگر کچھ دیگر مخلوقات کی زندگی خطرے میں پڑ گئی ہے۔ 

امریکی ریاست نیواڈا میں بھی پرندوں پر انسانی ترقی کی وجہ سے ایک ایسی آفت نازل ہوئی ہے کہ بیچارے فضاء میں پرواز کے دوران بھی جل کر راکھ ہو رہی ہے۔ ریاست میں قائم کریسنٹ ڈوم سولر انرجی پروجیکٹ کے وسیع و عریض علاقے کی فضاء میں جو بھی پرندہ داخل ہوتا ہے اس کے جسم میں آگ بھڑک اٹھتی ہے اور وہ لمحوں میں جل کر کوئلہ بن جاتا ہے۔

نیواڈا بیورو آف لینڈ مینجمنٹ کے نمائندہ کا کہنا ہے کہ ایک دن میں 130تک پرندے جلتے دیکھے گئے ہیں اور اس کی وجہ زمین پر پھیلے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں وہ شیشے ہیں جو سورج کی روشنی کو منعکس کرتے ہیں۔ یہ شیشے ایک مرکزی پاور ٹاور پر روشنی منعکس کرتے ہیں جہاں شدید حرارت سے پانی کو بھاپ میں تبدیل کرکے جنریٹر چلائے جاتے ہیں اور ان سے بجلی پیدا کی جاتی ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں