جمعرات, 25 اپریل 2024


لیڈی ہیلتھ ورکرز کا سندھ سیکریٹریٹ میں دھرنا

 

ایمز ٹی وی (صحت) سندھ بھر کی لیڈی ہیلتھ ورکرز نے 5ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے خلاف سندھ سیکریٹریٹ میں دھرنا دیا جبکہ انسداد پولیو مہم کا بائیکاٹ بھی کیا اور شہر کے متعدد علاقوں میں پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے نہیں پلائے ۔

بعد ازاں دھرنے کے شرکاءنے سندھ حکومت کی جانب سے آئند ہ ہفتے تک تنخواہیں اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کی یقین دہانی پر دھرنا ختم کردیاہے۔لیڈی ہیلتھ ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ آج(جمعرات )سے پولیو مہم میں معمول کے مطابق حصہ لیں گی ۔بدھ کو لیڈی ہیلتھ ورکرز نے پانچ ماہ کی تنخواہیں روکنے کے خلاف سندھ سیکریٹریٹ میں سیکرٹری خزانہ کے دفتر کے باہر صبح سے شام تک طویل دھرنا دیااور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی بھی کی ۔

اس دوران حکومتی نمائندوں سے کئی بار مذاکرات بھی ہوئے جو کامیا ب نہ ہوسکے ۔لیڈی ہیلتھ ورکرز نے دھرنے کے باعث احتجاجاً کراچی سمیت صوبے بھر میں تین روز سے جاری پولیو مہم میں بھی حصہ نہیں لیاجس سے پولیو مہم بھی متاثر ہوئی۔ سہ پہر میں سیکرٹری فنانس حسن نقوی و دیگر حکومتی نمائندوں پر مشتمل وفد نے لیڈی ہیلتھ ورکرز سے ایک بار پھر مذاکرا ت کیے جو کامیاب ہوگئے ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment