جمعرات, 25 اپریل 2024


مون سون بارشیں، محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسزنےاحتیاطی تدابیر جاری کردی

 

ایمزٹی وی (کرای/صحت)بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز نے شہر میں ہونے والی مون سون کی متوقع بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ شہری بارشوں کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں کیونکہ بارش ہونے کے دوران کرنٹ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہوجاتا ہے اس لئے شہریوں کو بالخصوص بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے خود کو دور رکھنا چاہئے، ساتھ ہی ساتھ شہریوں کو چاہئے کہ وہ پیٹ کے امراض سے محفوظ رہنے کے لئے ابلا ہوا پانی استعمال کریں، دونوں ہاتھوں کو اچھی طرح دھونے کے بعد کھانا کھائیں اور پھل فروٹ اور سبزیاں اچھی طرح دھو کر استعمال کریں تاکہ ڈائریا اور ٹائیفائیڈ جیسی بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکے، بازار میں فروخت ہونے والے گلے سڑے پھل اور غیر معیاری اشیاء کا استعمال نہ کریں، بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی کے لئے مین ہولز کے ڈھکنوں کو ہٹانے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رہا جاسکے، محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کے 

اعلامیہ کے مطابق شہری بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر کرنے سے گریز کریں اور دوران ڈرائیونگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، موٹرسائیکل پر سفر کرنے والے حضرات ہیلمنٹ لازمی استعمال کریں اور ڈرائیونگ کرنے والے اپنے ساتھ اضافی پائپ رکھیں تاکہ سائیلنسر میں پانی جانے سے بچایا جاسکے تاکہ گاڑیوں کے بند ہونے کے باعث ٹریفک جام کی صورتحال سے بچا جاسکے، بڑے سائن بورڈز اور بل بورڈز کے نیچے کھڑے ہونے سے احتیاط برتیں تاکہ کسی بھی حادثے سے محفوظ رہا جاسکے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں قریبی اسپتال یا ڈسپنسری سے رجوع کریں، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ترجمان کے مطابق محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلتھ سروسز کی جانب سے دی گئی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے شہری ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے دی جانے والی آگاہی کا یہ پیغام زیادہ سے زیادہ دیگر شہریوں تک پہنچائیں تاکہ متوقع بارشوں کے دوران کسی بھی قسم کے حادثے سے محفوظ رہا جاسکے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment