Print this page

پاکستان سمیت مختلف ممالک میں فیس بک ، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس متاثر

سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک اور اس کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام اور میسیجنگ ایپ واٹس ایپ کی سروس دنیا کے مختلف ممالک میں اچانک بند ہوگئی جس کے نتیجے میں متعدد صارفین کو پوسٹ اپ لوڈ کرنے میں مشکل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ فیس بک،انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس تکنیکی مسائل کی وجہ سے دنیا بھر میں متاثر ہوگئی ہیں جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صارفین جیسے ہی فیس بک پر کوئی تصویر یا ویڈیو شیئر کرنے کی کوشش کرتے تو سروس میں ایرر آتا اور صارف کو پیغام ملتا کہ آپ اس وقت تصویر یا ویڈیو شیئر نہیں کرسکتے، بعد ازاں فیس بک اور انسٹاگرام کی ویب سائٹ عارضی طور پر بند ہوگئیں۔ دوسری جانب واٹس ایپ پر پیغامات بھیجنے اور موصول ہونے کا سلسلہ متاثر ہوا ہے۔ سیکڑوں صارفین فیس بک اور دیگر سروسز متاثر ہونے سے متعلق ٹوئٹر پر رپورٹ کررہے ہیں۔ پاکستان میں سماجی روابط کی ویب سائٹس متاثر ہونے کے بعد ٹوئٹر پر فیس بک ڈاؤن، انسٹاگرام ڈاؤن اور واٹس ایپ ڈاؤن کے ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر ٹرینڈ کررہے ہیں۔ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی سروس امریکا، یورپ اور ایشیا کے اکثر ممالک میں متاثر ہوئی ہیں۔ اس سے قبل فیس بک، انسٹاگرام اور میسینجر کی سروس 13 مارچ کو مرمت کے لیے بند ہوئیں تھیں۔ یہ مسئلہ شام 5 بجے شروع ہوا اور بتدریج دنیا بھر میں پھیل گیا بلکہ کچھ مقامات پر تو 'ٹوٹل بلیک آﺅٹ' جیسی صورتحال سامنے آئی تھی۔ نومبر 2018 میں فیس بک اور انسٹاگرام کی سروس متاثر ہوئی تھی لیکن مکمل طور پر بند نہیں ہوئی تھی بلکہ کچھ فیچرز کام کرتے رہے تھے،صارفین کو ویب سروس لوڈ کرنے میں ناکامی ہوئی مگر ایپ کام کررہی تھی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں