جمعرات, 18 اپریل 2024


"کرسمس ٹری" کوروشن کرنےکےلئےانوکھی ایجاد

ٹینیسی: امریکا میں ایک ماہی گھر (ایکویریئم) نے اس سال کرسمس ٹری روشن کرنے کےلیے ایک خاص طرح کی مچھلی سے پیدا ہونے والی بجلی استعمال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 
اس مقصد کےلیے ٹینیسی ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے ادارے ’’آئی کیوب‘‘ نے ایک نظام بھی وضع کرلیا ہے جسے مچھلی کے ٹینک سے منسلک کرکے یہ بجلی، کرسمس ٹری میں لگی ایل ای ڈی لائٹس تک پہنچائی جاسکتی ہے
 
ٹینیسی ایکویریئم میں کرسمس ٹری روشن کرنے کے لیے الیکٹرک اِیل سے پیدا ہونے والی بجلی استعمال کی جارہی ہے۔ (تصاویر بحوالہ مگیل واٹسن آفیشل)
 
اس مچھلی کا تعلق ’’اِیل فش‘‘ کے خاندان سے ہے جسے ایکویریئم انتظامیہ نے ’’مگیل واٹسن‘‘ کا نام دیا ہے۔ اِیل فش، جسے انگریزی میں الیکٹرک اِیل جبکہ اردو میں بام مچھلی بھی کہا جاتا ہے، ان عجیب و غریب مچھلیوں میں شمار ہوتی ہیں جو اپنے دشمن کو بھگانے سے لے کر اپنے شکار کو بے بس کرنے تک کےلیے ہائی وولٹیج والی بجلی کا جھٹکا دیتی ہیں۔
 
ایک بالغ اِیل فش 860 وولٹ تک کی بجلی ایک ایمپیئر کی شرح سے خارج کرسکتی ہے جو بیک وقت ہزاروں چھوٹی چھوٹی ایل ای ڈیز جلانے کےلیے کافی ہے۔
 
یہ بات دلچسپی سے پڑھی جائے گی کہ ٹوئٹر پر ’’الیکٹرک مگیل‘‘ کے نام سے اسی اِیل فش کا ’’آفیشل اکاؤنٹ ہے جو ’’آئی کیوب‘‘ کے زیرِ انتظام ہے۔ البتہ، اس ٹوئٹر اکاؤنٹ پر مگیل واٹسن کے بارے میں معلومات کے علاوہ اسی مچھلی کے برقی سگنلوں کو ’’ڈی کوڈ‘‘ کرکے انگریزی عبارت کے طور پر ٹویٹس کی جاتی ہیں جو نہایت مضحکہ خیز لگتی ہیں۔
 
ٹینیسی ایکویریئم نے اس سال کرسمس کے موقع پر عوام کو خصوصی دعوت دی ہے کہ وہ یہاں کا دورہ ضرور کریں اور اِیل فش ’’مگیل واٹسن‘‘ کا بجلی بھرا، جگمگاتا ہوا کرسمس ٹری ضرور دیکھیں

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment