Print this page

سندھی پیغامات ایپل کے آئی فون کے لیے خطرے کا باعث بن گئے

سندھی حروف والے پیغامات ایپل کے آئی فون کے لیے خطرے کا باعث بن رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق آئی فون کے جدید ورژن 13.4.1 میں سندھی حروف والا میسج نوٹیفکیشن فون کی خرابی کا باعث بن رہا ہے، اس قسم کا میسج بیک وقت ہزاروں کی تعداد میں صارفین کو متاثر کر سکتا ہے۔

کچھ افراد کی جانب سے شرارتی طور پر سندھی حروف والے میسجز بھیجے گئے جس کا نوٹیفکیشن موصول ہوتے ہی دیکھا گیا کہ نئے آئی فونز ہینگ ہونا شروع ہوگئے جس سے وہ ٹرن آف یعنی بند یا ری اسٹارٹ بھی نہیں ہو پا رہے۔

اس سے متعلق متعدد صارفین نے ٹوئٹر پر شکایت بھی کی اور بگ کے باعث آئی فون ہینگ ہونے والی ویڈیو بھی شیئر کی۔
یہ سندھی حروف والا میسج واٹس ایپ پر آیا ہو، فیس بک پر ہو یا پھر کسی دوسری ایپ سے موصول ہوا ہو، یہ نئے آئی فونز کی خرابی کا باعث بن رہا ہے۔

اس سے قبل یہ خرابی 2015 میں سامنے آئی تھی جس میں عربی حروف والا میسج بھیجا گیا تھا۔ اس وقت ایپل کمپنی نے غور کیا کہ یہ ایک آئی میسج تھا جو یونیکوڈ حرف والی سیریز کے باعث مسئلہ کر رہا تھا۔
ایسا ہی میسج بگ 2018 میں بھی تیلگو حروف کے باعث بھی سامنے آیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق یہ ممکن ہے کہ اس میسج بگ سے آپریٹنگ سسٹم 13.4.5 متاثر نہ ہو لیکن یہ خرابی بیٹا ورژن میں شامل ہوگئی ہے لہذا تمام صارفین کو محتاظ رہنے کی ضرورت ہے جب تک کہ ایپل کمپنی کی جانب سے اس کے دور ہونے کی نشاندہی نہیں کر دی جاتی۔

امکان ہے کہ آئندہ کچھ ہفتوں میں ایپل کمپنی کی جانب سے آپریٹنگ سسٹم 13.4.5 کے لیے نئی اپڈیٹ موصول ہو جائے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں