Print this page

آئی فون استعمال کرنےوالوں کےلئےبری خبر

مانیٹرنگ ڈیسک: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے چین میں اپنے ایپ اسٹور سے ہزاروں گیمز ہٹا دیں ہیں۔
 
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور چین کی بڑھتی کشیدگی کے باعث ایپل نے چینی ایپ اسٹور سے 47 ہزار سے زائد گیمز ختم کر دیے ہیں۔
 
اگرچہ چین میں غیر ملکی ایپ اسٹورز چلانے کے لیے چینی اشتراک ضروری ہے لیکن ایپل واحد کمپنی ہے جو اپنے آئی فون میں ایپ اسٹور خود مینیج کرتی ہے۔
 
رپورٹ کے مطابق حال ہی میں ایپل نے اپنی پالیسیز میں تبدیلی کی ہے جس کے تحت چین میں ایپ اسٹور میں سے ان گیمز کو ہٹایا گیا ہے جنہیں کھیلنے کے لیے پیشگی ادائیگی کی جاتی ہے یا انہیں آن لائن کھیلا جاتا ہے۔
 
واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چینی ایپلیکیشنز ٹک ٹاک اور وی چیٹ سے تجارتی لین دین پر پابندی عائد کی ہے۔
 
امریکی صدر نے چینی ایپلیکیشنز پر پابندیاں ایسے وقت میں عائد کی ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان کورونا وائرس اور ہانگ کانگ میں متنازع قانون کو لے کر تعلقات کشیدہ ہیں۔
 
چینی ایپ ٹک ٹاک پر امریکی قانون سازوں نے شدید تنقید کی تھی اور اسے امریکی قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس ایپ کے ذریعے چینی حکومت امریکی صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکتی ہے تاہم ٹک ٹاک کی جانب سے اس کی تردید کی گئی تھی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں