ھفتہ, 20 اپریل 2024


دہشتگرد تنظیموں سے پاکستانی حکومت کو خطرہ ہے، ریکس ٹیلرسن

 

ایمزٹی وی(نئی دہلی)امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیموں سے پاکستانی حکومت کو خطرہ ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن ایک روزہ دورے پر نئی دہلی پہنچے جہاں انہوں نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اور امریکا فطری اتحادی ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ایک ساتھ کھڑے ہیں، امریکا کی افغان پالیسی میں بھارت کا اہم کردار ہے اور ہم خطے میں اس کے قائدانہ کردار کی حمایت کرتے ہیں۔ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان میں بہت ساری دہشت گرد تنظیموں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں جو اب پاکستانی حکومت کی سلامتی کیلئے خطرہ بن گئی ہیں، تاہم پاکستانی حکومت کا غیر مستحکم ہونا کسی کے مفاد میں نہیں۔ امریکی وزیر خارجہ نے بھارت کی فوج کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بہترین دفاعی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکا خطے میں بھارت کے قائدانہ کردار کی حمایت کرتا ہے اور خطے کی سیکورٹی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے اس کی صلاحیتوں کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی فوج کو جدید بنانے کے لیے اپنی بہترین ٹیکنالوجی دینے کو تیار ہیں، جب کہ ایف 16 اور ایف 18 جنگی طیاروں کے معاہدے کرنے پر بھی غور کررہے ہیں۔ سشما سوراج نے کہا کہ امریکا کی جنوبی ایشیا پالیسی صرف اس صورت میں کامیاب ہوگی جب پاکستان دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائی کرے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment