منگل, 23 اپریل 2024


بھارتی فوج نے اپنے ہی ساتھی کو ہلاک کر دیا

 

ایمز ٹی وی (بین الاقومی)مقبوضہ کشمیر میں تعینات ایک بھارتی فوجی نے معمولی جھگڑے کے بعد اپنے ہی پیٹی بند بھائی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع باندی پورہ کے فوجی کیمپ میں گزشتہ رات دو فوجی اہلکاروں میں کسی بات پر جھگڑا ہوگیا جس کے بعد ہریانہ کے رہائشی سپاہی چندر بھٹ کو اس کے ساتھی نے سرکاری بندوق سے گولیاں مار کر قتل کردیا۔ بھارت کی بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے ترجمان نے چندر بھٹ کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی تفتیش جاری ہے۔ گزشتہ سال بھی ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا تھا جس میں اُڑی سیکٹر کے حساس مقام پر موبائل فون استعمال کرنے پر اپنے افسر کی جانب سے سرزنش کے جواب میں ایک فوجی اہلکار نے میجر کو گولیاں مارکر موقع ہی پر ہلاک کردیا تھا۔ بھارتی حکومت نے فوجیوں میں خودکشی اور اپنے ساتھیوں کو قتل کرنے کے بڑھتے ہوئے واقعات کے پیش نظر نفسیات کے ماہرین کی خدمات حاصل کرلی ہیں جبکہ نفسیاتی بیماریوں کے شکار فوجیوں کی ذہنی حالت کی بہتری اور بحالی کے لیے مختلف ورکشاپس اور یوگا کلاسز میں لازمی شرکت کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی افواج اور پولیس اہلکاروں کو خصوصی اختیارات دیے گئے ہیں جن کے تحت وہ نہتے کشمیریوں کا قتلِ عام تک کرسکتے ہیں جس پر انہیں سزا ملنے کے بجائے تعریفی اسناد سے نوازا جاتا ہے۔ اس کے باوجود، مقبوضہ کشمیر پر قابض بھارتی فوج اور خصوصی پولیس اہلکاروں میں مایوسی مسلسل بڑھ رہی ہے جس کے باعث ان میں خودکشی اور پیٹی بند بھائیوں کو قتل کرنے کے واقعات میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں سالانہ تقریباً 100 بھارتی فوجی/ پولیس اہلکار اپنے ہی پیٹی بند بھائیوں کے ہاتھوں ہلاک ہوجاتے ہیں۔ یہ اعداد و شمار بھارتی حکومت کے فراہم کردہ ہیں جب کہ اصل صورتِ حال اس سے کہیں زیادہ گمبھیر ہوسکتی ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment