Print this page

خیبرپختونخوا اورکراچی کے لوگ لاہور جیسی ترقی کا مطالبہ کررہے ہیں

 

ایمزٹی وی(لندن)لندن میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا کہ پوری قوم نے مل کردہشت گردی کے خلاف جنگ لڑی، نیشنل ایکشن پلان کے ذریعے دہشت گردی کو ناسورقراردیا گیا، گزشتہ 4 سال میں دہشت گردی اورفرقہ واریت کے واقعات میں 80 فیصد سے زائد کمی ہوئی، کراچی میں امن واپس آگیا ہے اور وہاں 95 فیصد جرائم کاخاتمہ ہوگیا، بلوچستان میں تخریب کاروں نے امن کونقصان پہنچانے کی ناکام کوششیں کیں اور وہاں ترقی کی نئی لہرشروع ہوچکی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیاب تجربات کا دنیا کو فائدہ دینا چاہتے ہیں۔
وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان اب ایسے مقام پرہے جہاں پرہمیں تیزی سے ترقی کرنی ہے، سمندرپارپاکستانیوں کو پاکستان کی ترقی سے منسلک ہونا ہوگا، ہم نے بیرون ملک مقیم ہم وطنوں کو آگاہ کردیا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے ماحول سازگار ہے، ہم مختصرعرصے میں بہتر پالیسیوں کے باعث بے پناہ ترقی کی طرف گامزن ہیں۔ ملک میں ترقی کا نیا دور کامیابی سے جاری ہے، توانائی سمیت بحرانوں پرتقریبا قابوپالیا ہے، سرمایہ کاروں کا معیشت پراعتماد بحال کیا ہے، توانائی بحران پرقابوپانے سے ہماری صنعتیں ریکارڈ ترقی کررہی ہیں، زرعی پیداوارمیں بھی خاطرخواہ اضافہ ہورہا ہے۔ 2013 میں ملکی معیشت 3 فیصد پرتھی، آج 6 فیصد سے تجاوزکرچکی ہے۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے سے ایڈونچرکے بجائے ترقی کے شعبے میں ساتھ دینا ہوگا، جنوبی ایشیا سےغربت، بے روزگاری اورجہالت کوختم کرنا ہوگا۔ ہمارے ہاں سماجی ترقی کے پیمانے پیچھے رہ گئے جب کہ تنازعات کے باعث جنوبی ایشیا کا افریقا سے بھی پیچھے رہنے کا خدشہ پیدا ہوتا جارہا ہے۔ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل میں سب کا فائدہ ہے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنی مقبولیت خود تباہ کی، پنجاب میں مسلم لیگ (ن) نے ترقیاتی سیاست کا نیا اندازمتعارف کرایا ہے، آج پورے ملک میں پنجاب حکومت کی ترقی کی مثالیں دی جاتی ہیں، خیبرپختونخوا اورکراچی کے لوگ لاہور جیسی ترقی کا مطالبہ کررہے ہیں اور 2018 کے الیکشن میں امید ہے کہ سندھ اورخیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کوعوام ووٹ دیں گےَ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں