Print this page

سعودی عرب میں 18 اپریل کو پہلا سنیما گھر کھلے گا

 

ایمز ٹی وی ( ریاض)سعودی عرب میں اٹھارہ اپریل کو پہلا سنیما گھر کھلے گا۔ امریکی کمپنی کو لائسنس جاری کر دیا گیا۔ پانچ سالوں میں چالیس سنیما گھر قائم کیے جائیں گے۔سعودی عرب میں پینتیس سال بعد ایک مرتبہ پھر سنیما گھر کھولے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے سعودی عرب کے پبلک انوسٹمنٹ فنڈ اور امریکی کمپنی کے درمیان معاہدہ طے پا گیا جس کے تحت اٹھارہ اپریل کو دارالحکومت ریاض میں پہلا سنیما گھر کھولا جائے گا جہاں بلیک پینتھر نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔

معاہدے کے تحت امریکی کمپنی دو ہزار تئیس تک پندرہ شہروں میں چالیس سنیما گھرقائم کرے گی۔اس کے علاوہ دو ہزار تیس تک ان کی تعداد تین سو پچاس ہو جائے گی جن میں پچیس سو سکرینیں نصب ہو نگی۔مرد و خواتین ساتھ بیٹھ کر فلم دیکھ سکیں گے۔عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب خطے میں سنیما کی سب سے بڑی مارکیٹ ہو گی جس سے تیس ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا ہونگے جبکہ سالانہ ریوینیو ایک ارب ڈالر ہو گا۔یہ اقدام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے وژن دو ہزار تیس کے سلسلے کی کڑی ہے جس کے تحت وہ مملکت کو اعتدال پسند بنانا چاہتے ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں