Print this page

بھارت میں نپاہ وائرس تیزی سے پھلنے لگا

بھارت میں چمگادڑ سے پھیلنے والے وائرس نپاہ کے نئے کیسز سامنے آگئے، وائرس سے ریاست کیرالہ میں3 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مزید 8 اموات بھی وائرس کی وجہ سے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق ضلع کالی کٹ میں 20سال کے 2 بہن بھائی کی موت نپاہ وائرس سے ہوئی جبکہ اسپتال میں ان کی دیکھ بھال کرنے والا نرسنگ اسسٹنٹ بھی وائرس سے موت کا شکار ہوااور دونوں بہن بھائیوں کے والد کابھی اسپتال میں علاج جاری ہے۔
حکام نے مزید بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کے گھر کے کنویں میں وائرس پھیلانے والی چمگادڑ موجود تھی جبکہ ریاست میں ہیلتھ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو احتیاط کرنے کی ہدایات کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ نپاہ وائرس مخصوص چمگادڑ فروٹ بیٹ سے پھلوں کے ذریعے پھیلتا ہے، اس کی ابھی تک کوئی ویکسینیشن نہیں ہےاور اسی نپاہ وائرس سے2001 اور 2007 میں بھارت میں ہی 50لوگوں کی موت ہوئی تھی جبکہ پہلی بار1998 میں ملائیشیا اور سنگاپور میں سامنے آنے والے نپاہ وائرس سے 100سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں