جمعہ, 19 اپریل 2024


پاکستان میں عام انتخابات میں عوام کی ہمت کو داد دیتے ہیں

ایمزٹی وی(واشنگٹن)امریکا نے پاکستان کے عام انتخابات میں پولنگ سے پہلے کے انتخابی عمل میں خامیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ہیتھر ناورٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں ووٹنگ سے قبل کے انتخابی عمل میں خامیوں پر تحفظات ہیں، انتخابی مہم کے دوران آزادی اظہار رائے میں رکاوٹیں ڈالی گئیں، پاکستانی انتخابات سے متعلق یورپی مبصرین کے موقف اور انتخابی عمل کی خامیوں پر ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے تحفظات سے اتفاق کرتے ہیں، یورپی مبصرین نے انتخابات پر اثر انداز ہونے والے عوامل کی نشاندہی کی ہے، انتخابی مہم میں یکساں مواقع نہیں دیے گئے، یہ رکاوٹیں صاف شفاف الیکشن کیلیے حکام کے بیان کردہ مقاصد کے برخلاف تھیں۔

ہیتھر ناورٹ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی فہرست میں شامل افراد کو الیکشن لڑنے کا موقع دینے پر بھی تحفظات ہیں، تاہم ان عناصر کو پاکستانی عوام نے مسترد کیا جو قابل تحسین ہے، الیکشن کو سبوتاژ کرنے کے لیے دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان میں عام انتخابات میں عوام کی ہمت کو داد دیتے ہیں۔ 

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کی بڑی تعداد کا ووٹ ڈالنا مثبت اقدام ہے، پاکستان میں مضبوط جمہوری اور سویلین ادارے اچھا معاشرہ قائم کرسکتے ہیں، پاکستان میں نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے منتظر ہیں اور اس کیلیے مواقع تلاش کریں گے، جنوبی ایشیا میں سکیورٹی، استحکام اور خوش حالی چاہتے ہیں

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment