ھفتہ, 20 اپریل 2024


ایرانی فوجی پریڈ پر حملہ، 24 افراد جاں بحق

 

تہران : ایران کے شہر احواز میں سیکیورٹی فورسز کی پریڈ کے دوران نامعلوم افراد نے حملہ کردیا، فائرنگ کے نتیجے میں خاتون اور بچے سمیت 30 افراد زخمی 24 جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے جنوب مغربی شہر احواز میں پریڈ کے دوران مسلح حملہ آوروں نے بے دریغ فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں درجنوں شہری زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد دینے کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 30 افراد دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے ہیں، حملے کے نتیجے میں سپاہ پاسداران کے 8 اہلکاروں سمیت24 افراد کے جاں بحق ہوئے ہیں۔
ایرانی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ حملہ موٹر سائیکل پر سوار خاکی وردی میں ملبوس 2 دہشت گردوں نے (ایرانی وقت کے مطابق) صبح 9 بجے پریڈ پر حملہ کیا تھا، حکام نے بتایا ہے کہ فائرنگ دونوں مسلح دہشت گردوں کو موقع پر ہی ہلاک کردیا جبکہ دو گرفتار کرلیے گئے۔
ایرانی سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں پریڈ میں موجود عام شہریوں پر فائرنگ کی تھی اور اعلیٰ سیکیورٹی افسران کوگولیوں کا نشانہ بنانا چاہتے تھے۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آور نے پریڈ کا معائنہ کرنے والے شہریوں پر عقب سے فائرنگ کی تھی جو 10 منٹ تک جاری رہی تاہم سیکیورٹی فورسز نے حالات پر قابو پالیا ہے۔
ایران کے سرکاری نیوز ایجنسی کا کہناہے کہ حملہ عسکریت پسندوں کی جانب سے کیا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق سنہ 1980 میں عراقی آمر صدام حسین کی جانب سے ایران پرمسلط کی گئی جنگ کے 38 برس مکمل ہونے کے حوالے سے احواز سمیت ملک کے مختلف شہروں میں پریڈ جاری ہیں۔
واضح رہے کہ احواز ایران کے ان شہروں میں سے ایک ہے جہاں گذشتہ برس عوام کی جانب سے اشیاء مہنگی ہونے پر حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا تھا۔
ایسے حملوں کے ذمہ دار امریکی حکام ہیں، جواد ظریف
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے سماجی رابطے کی ویب سایٹ ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ غیر ملکی طاقتوں کے بھرتی دہشت گردوں نے حملہ کیا۔
وزیر خارجہ جواد ظریف کا کہنا تھا کہ حملے کے زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، امریکی حکام ایسے حملوں کے ذمہ دار ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ عوام کی حفاظت کے لئے تیز رفتاری سے مؤثر جواب دیں گے۔
مزید پڑھیں : پاکستان ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ
پاکستان ایران میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتا ہے، دفتر خارجہ
پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے ایرانی شہر احواز میں فوجی پریڈ کے دوران دہشت گردانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے میں جاں بحق افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جار ی بیان میں کہا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی ہر شکل میں مذمت کرتا ہے۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment