جمعہ, 19 اپریل 2024


پاکستان سے تعلق کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی،چینی وزرات خارجہ

 

بیجنگ: چین کی وزرات خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ کی جانب سے کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے جب کہ پاکستان کو اس حملے کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے چینی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے خلاف پاکستان پولیس اور آرمی کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی کی تعریف کی گئی اور دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنانے پر پولیس وآرمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ چینی وزرات خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشتگرد حملہ پاک چین تعلقات اور سی پیک پر بالکل بھی اثرانداز نہیں ہوگا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔ دوسری جانب چینی سفارتخانے کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے تعلق کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ واضح رہے کہ کراچی کے علاقے کلفٹن میں پولیس اورسیکیورٹی اہلکاروں نے چینی قونصل خانے پر ہونےو الے دہشتگرد حملےکوناکام بناتے ہوئے تین دہشتگردوں کو ہلاک کردیا جب کہ آپریشن کے دوران دو اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment