جمعہ, 19 اپریل 2024


امریکاکشمیرمسئلےکےحل کےلیےاپنا کردارادا کرسکتاہے

 واشنگٹن:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کیساتھ تاریخی ملاقات میں مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کر دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ون آن ون ملاقات اور بعد ازاں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں دو طرفہ تعلقات مزید بہتر بنانے اور تجارتی روابط کے فروغ سمیت اہم معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کو مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں رہنما اس کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان میں اب ہماری بہت مدد کر رہا ہے، دہشتگردی کیخلاف دونوں ملکوں نے مل کر جنگ لڑی، امید ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔
 
مسئلہ کشمیر کے ایشو پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہم بھارت کیساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں، اگر صدر ٹرمپ کشمیر مسئلے پر ثالثی کا رول ادا کریں گے تو کروڑوں لوگوں کی دعائیں ان کے ساتھ ہوں گی۔
 
انہوں نے صدر ٹرمپ کو بتایا کہ کشمیر مسئلے کے حل کے لیے بھارت کو کئی بار مذاکرات کی آفر کی، امریکا کشمیر مسئلے کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتا ہے۔
 
صدر ٹرمپ نے بتایا کہ دو ہفتے پہلے وزیراعظم مودی نے مجھ سے ملے اور مسئلہ کشمیر پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آپ ثالثی کریں، میں نے پوچھا، کہاں؟ مودی نے کہا، کشمیر پر، کیونکہ یہ مسئلہ کئی سال سے زیر التوا ہے۔
 
ان کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے بھارت مسئلے کا حل چاہتا ہے، پاکستان بھی مسئلے کا حل چاہتا ہے، تو اگر میں اس میں مدد کر سکتا ہوں، تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment