جمعرات, 18 اپریل 2024


کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کرنے کا فیصلہ

نئی دہلی : بھارت کےسابق وزیراعظم من موہن سنگھ بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کی دعوت پر نو نومبر کو کرتارپور جائیں گے ، من موہن سنگھ کا دورہ بھارتی حکومت کی منظوری سے مشروط ہے، پاکستان نے کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کرنے کا فیصلہ کیاہے۔
 
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کرتارپور جائیں گے اور 9 نومبر کو کرتارپور گوردوارہ کا دورہ کریں گے، من موہن سنگھ بھارتی پنجاب کے وزیراعلی کی دعوت پرکرتارپور کا دورہ کرنے والے وفد میں شامل ہوں گے۔
 
بھارتی میڈیا کے مطابق من موہن سنگھ کا دورہ بھارتی حکومت کی منظوری سے مشروط ہے۔
 
یاد رہے پاکستان نے کرتارپورراہداری کی تقریب میں سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ کو دعوت دینے کا فیصلہ کیا تھا اور کہا تھا کہ من موہن سنگھ کو باضابطہ طور پر دعوت نامہ بھیجا جائے گا۔
 
 
شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ من موہن سنگھ کی کرتارپور کے حوالے سے مذہبی عقیدت بھی ہے، کرتارپورراہداری باباگرونانک کے550ویں جنم دن پر کھولی جائے گی اور سکھ یاتریوں کا بھرپور استقبال کیا جائے گا
 
خیال رہے کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو ہوگا، افتتاح کے بعد یہ پاکستان کا سب سے بڑا گردوارہ بن جائے گا، 9نومبر سے بھارت سے یاتری آنا شروع ہو جائیں گے ، 5 ہزار یاتریوں کے داخلے اور اخراج کے لیے 76 امیگریشن کاؤنٹرز ہوں گے جبکہ دس ہزار یاتریوں کی آمدورفت کے لئے کل 152 کاؤنٹر بنائے جائیں گے۔
 
بھارت سے یاتریوں کا کرتارپورراہداری بغیر ویزہ مفت داخلہ ہو گا جبکہ امیگریشن ٹرمینل پرآمد کیساتھ مخصوص شناختی کارڈ کا اجراہو گا، یاتری بذریعہ بس گوردوارہ تک پہنچ کرآزادانہ مذہبی رسومات اداکر سکیں گے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment