ایمزٹی وی(لاہور) چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف یا آصف زرداری جیسے کرپٹ لیڈروں سے اتحاد نہیں ہو سکتا.
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے ایک سال میں 635 ارب روپے خرچ کئے، ملتان کے عوام کو میٹرو کی ضرورت ہی نہیں تھی لیکن 60 ارب روپے منصوبے پر لگا دیئے اور آج خالی بسیں چل رہی ہیں، لاہور اور پنجاب کا آدھا بجٹ سڑکوں پر خرچ ہوجاتا ہے جب کہ صرف لاہور شہر پر خرچ ہونے والی رقم خیبرپختون خوا سے 3 گنا زیادہ ہوتی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے سارے پیسے اپنی تشہیر پر لگا دیئے لیکن 4 ارب روپے کا ایک اسپتال نہ بنا سکے، آج اسحاق ڈار اور کلثوم نوازشریف لندن میں علاج کرارہے ہیں، اس کے برعکس پشاور میں 4 ارب روپے میں کینسر کا جدید ترین اسپتال بنایا گیا ہے۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ادویات کی قیمتوں میں واضح فرق ہے.
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ میں پہلےسے کہہ رہا تھا کہ سینیٹ کےالیکشن میں پیسا چلتا ہے، اب یہ ہار گئے ہیں تو کہتے ہیں کہ سینیٹ الیکشن میں پیسا چلتا ہے، نوازشریف یا آصف زرداری جیسے کرپٹ لیڈروں سے ہمارا اتحاد نہیں ہو سکتا۔
ایمزٹی وی(لاہور)وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کہتے ہیں کہ دعا کریں اس ملک میں الیکشن وقت پرہوجائیں،ملک کے تمام ذمہ دار اپنے اپنے دائرے میں رہ کر کام کریں۔
انہوں نے لاہورمیں اپنے انتخابی حلقے میں ایک اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب رشتہ داری اور برادری پر ووٹ نہیں ملتا،کام پر ووٹ ملتا ہے۔
وزیر ریلوےنے کہا کہ کوشش کی جارہی ہے کہ ہمیں بدنام کرکے لوگوں کو ہم سے دور کردیا جائے، بھٹو کے مرنے سے پیپلزپارٹی ختم نہیں ہوئی،مزید مضبوط ہوئی تھی۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ مہربانی ہو آصف زرداری کی جنہوں نے پیپلزپارٹی کا ستیاناس کر دیا، زرداری صاحب کراچی کا کچرا اٹھائیں، عمران خان پشاور کے آدم خور چوہے ماریں۔
ان کا کہنا ہے کہ گالیاں دے کر ووٹ نہیں ملتا،ووٹ خراب ہوتا ہے،دعویٰ کرتا ہوں کہ عمران خان کو جتنے ووٹ پہلے ملے تھے اب نہیں ملیں گے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ عمران خان میں بڑے پن کی خصوصیت نہیں، ان کی حرکتیں 18سال کے لڑکے جیسی ہیں ان کی جوانی ختم ہی نہیں ہو رہی۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کا آدمی میئر نہیں بن سکتا وزیراعظم کیسے بنے گا،وزیراعظم بننا ہے تو گالی دینا چھوڑو۔
سعد رفیق نے دعویٰ کیا کہ شہبازشریف 2018ء میں مسلم لیگ نون کی طرف سے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اوررکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومروانتقال کرگئے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئررہنما اوراین اے 204 لاڑکانہ سے رکن قومی اسمبلی محمد ایاز سومرونیویارک میں انتقال کرگئے۔ ایم این اے محمد ایازسومرو کافی عرصہ سے دل کے عارضے کے باعث این آئی سی وی ڈی میں زیرعلاج رہے جب کہ دو ہفتوں سے وہ نیویارک میں زیرعلاج تھے۔
ایازسومروپچھلے 40 سال سے پیپلزپارٹی سے وابستہ تھے، وہ 10 سال پیپلزپارٹی ضلع لاڑکانہ اورڈسٹرکٹ بارکے صدرسمیت صوبائی وزیر قانون بھی رہے۔
دوسری جانب آصف زرداری نے ایازسومروکے انتقال پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ایازسومرو پارٹی کا بہت بڑا اثاثہ تھے، ان کی جمہوریت اور پارٹی کے لیئے قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اورپارٹی اور بھٹو خاندان ایاز سومرو کے انتقال پر غمزدہ ہے۔
ایمزٹی وی(راولپنڈی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نواز شریف سازشی ہوسکتے ہیں لیکن انقلابی نہیں ہوسکتے،
سینیٹ انتخابات میں میاں صاحب رضا ربانی کو لڑائی کے لئے ڈھال بنا کر اپنی ناکامی سے چھپنا چاہتے تھے تاہم بلوچستان، سندھ، فاٹا اور خیبرپختونخوا کے سینیٹرز نے مل کر آپ کو شکست دی۔
کوٹلی ستیاں میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات سے دل ٹوٹ گیا ہے، جب یہ ہار جاتے ہیں تو انہیں جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے اور اب کہا جارہا ہے کہ چابی والے کھلونے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ چابی والے کھلونے کا نواز شریف سے زیادہ کسے پتا ہے جن کی سیاست اسی چابی سے کھلتی اور بند ہوتی رہی، مسئلہ یہ ہے کہ چابی کھلونے کے اندر ٹوٹ گئی ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو تین بار وزیراعظم ہاوٴس میں رہ کر ووٹ کا تقدس نہ کر سکا وہ آج کیا کرے گا، پارلیمان کی بالا دستی اور ووٹ کی حرمت آپ کو پاناما کے بعد کیوں یاد آرہی ہے اور ضیاء الحق کی چھتری تلے آپ کو کیوں ووٹ کا تقدس یاد نہیں آیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے اسٹیل مل کو برباد کیا تاکہ اتفاق فاؤنڈری کا لوہا بک سکے، یہ لیڈر اور سیاست دان نہیں بلکہ کاروباری ہیں جو صرف اپنا منافع دیکھتے ہیں۔
ایمزٹی وی(کراچی)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری سے کہا ہے کہ اپنے والد آصف زرداری سے پوچھیں کہ وہ بغیر محنت ارب پتی کیسے بن گئے۔
پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان دو روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چیف جسٹس کی جانب سے کراچی کے حالات پر بنائی گئی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں پینے کے پانی میں سیوریج کا پانی ملا ہوا ہے، شہر میں ساڑھے650 مقامات ہیں جہاں سے کھیتوں کو پانی دیا جارہا ہے ان میں سیوریج کا پانی ملا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ بے بی بلاول سے پوچھنا چاہتا ہوں 10 سال کراچی میں آپ کی حکومت رہی، لیکن آپ کراچی والوں کو پانی بھی نہیں دے سکے، دس سال میں کراچی اور اندرون سندھ میں کوئی ایک چیز بتائیں جو آپ نے ٹھیک کی ہو، بلاول اپنے والد آصف زرداری سے پوچھیں کہ بغیر محنت کئے وہ کیسے ارب پتی بن گئے، یہ بتائیں 10سال میں پیپلز پارٹی نے کون سی بنیادی ضروریات پوری کیں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سینیٹ چیرمین کے الیکشن میں ساری جماعتوں کے ایک ہی جگہ جھکنے کی وجہ سامنے آنی چاہیے۔
نیب ریفرنس کی سماعت کے لیے احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا کہ بنی گالہ اور بلاول ہاؤس والے ایک ہی دربار پر جا کر کیوں جھک گئے، کراچی سے آنے والے بھی سنجرانی کے دربار پر جا کر جھک گئے، کیا وجہ تھی کہ جی پی ایس کی طرح ہر کوئی ایک ہی جگہ پر جا پہنچا۔ نواز شریف نے کہا کہ کون سی خاص وجہ تھی کہ سارے وہاں جا کر جھکے ، وہ وجہ عوام کے سامنے آنی چاہئے۔
صحافی نے نواز شریف سے پوچھا کہ سینیٹ چیرمین کے الیکشن کی طرح عام انتخابات کو بھی مینیج کیا گیا تو کیا کریں گے؟۔ نواز شریف نے جواب دیا کہ اب نہ وہ وقت رہا ہے اور نہ ہی حالات ، دنیا اب بہت آگے چلی گئی ہے، نگران حکومت آئین سے بالاتر ہو کر کوئی کام نہیں کر سکتی۔
ایمزٹی وی(کراچی)احتساب عدالت نے 17 ارب روپے سے زائد کے کرپشن کے ریفرنس میں ڈاکٹر عاصم پر فرد جرم عائد کردی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن کا ریفرنس دائر کیا گیا جس میں ان پر قومی خزانے کو 17 ارب روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
کراچی کی احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان کےخلاف ریفرنس کی سماعت ہوئی جس دوران پی پی رہنما سمیت شعیب وارثی، ذوہیر صدیقی اور خالد رحمان و دیگر ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا۔
عدالت نے 23 مہینے بعد ڈاکٹر عاصم سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کی، عدالت نے ایک ایک ملزم کو فرد جرم پڑھ کے سنائی۔
ڈاکٹر عاصم اور دیگر ملزمان نے فرد جرم عائد کیے جانے پر صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 17 مارچ تک ملتوی کردی۔
نیب کے مطابق ملزمان پر سوئی سدرن گیس کمپنی میں غیر قانونی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔
ایمزٹی وی(لاہور) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو صرف پاناما کا نہیں بلکہ اپنے تمام ادوار کا حساب دینا پڑے گا۔
لاہورمیں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ کا نااہلی کا فیصلہ ماننا پڑے گا، کسی ایک آدمی کے لئے قانون تبدیل نہیں کیا جاسکتا، نوازشریف نے یوسف رضا گیلانی کومشورہ دیا تھا کہ عدالت کا فیصلہ مانیں اوراستعفیٰ دے کر گھر جائیں اب نوازشریف کو اپنے مشورے کا پاس رکھنا چاہیے، (ن) لیگ نے جان بوجھ کر خود کومشکل صورتحال میں ڈالا، جعلی تبدیلی کی سیاست نہیں بلکہ ملک میں صرف جمہوریت چاہتے ہیں، انصاف اور مساوات پرمبنی معاشرہ چاہتے ہیں جب کہ اقتدارمیں آئے تو کسانوں کو طاقت ور بنائیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے ہائی جیکنگ کیس میں ڈرامے بازی کی، نوازشریف کو اپنے سارے ادواراورپاناما کا حساب دینا پڑے گا، وہ سمجھتے ہیں کہ عوام بے وقوف ہیں، عوام نوازشریف کو الیکشن میں بھرپور شکست دیں گے، انہیں عدالتوں اور عوام کی طرف سے بھی سزا ملے گی۔
ایمزٹی وی(واشنگٹن) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے بعد دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد ہو سکتا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات تنہا لڑے گی تاہم الیکشن کے بعد تحریک انصاف سمیت دیگر سیاسی جماعتوں سے اتحاد پر غور کر سکتی ہے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا پاکستان کوعالمی سطح پرسازشوں اور مشکل صورتحال کاسامنا ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ پاکستان کی قیادت اندرونی اختلافات بالائے طاق رکھتے ہوئے مل کر دنیا کے تحفظات دورکرے اور پاکستان کااجلا چہرہ پیش کرے۔
ایمزٹی وی(تونسہ) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ ان کا، 6 گاڑیاں آگے اور 6 پیچھے ہوتی ہیں پھر بھی نوازشریف مظلوم بنے پھرتے ہیں۔
تونسہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہاں آکر واضح ہوگیا کہ لاہور اور جنوبی پنجاب میں زمین آسمان کا فرق ہے، پنجاب حکومت کی تنگ نظری ہے کہ جنوبی پنجاب میں ہمارے ایم پی اے کو فنڈز نہیں دیئے جاتے، اس کے برعکس جب ہماری حکومت تھی تو ہم نے موجودہ حکمران جماعت کے تمام ایم پی ایز اور ایم این ایز کو ناصرف فنڈز جاری کئے بلکہ انہیں تمام مراعات بھی فراہم کی گئیں، چوہدری نثار کا بجٹ ہمارے اپنے ایم این ایز سے بھی زیادہ تھا، یہ ہمارے اور مسلم لیگ (ن) کے فعل میں فرق ہے۔
شریک چئیرمین پی پی کا کہنا تھا کہ پاناما کا معاملہ ہم نے نہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر اٹھایا گیا، یہ کسی سیف الرحمان کا بنایا ہوا کیس نہیں تھا جس میں نوازشریف اور دیگر شامل ہوئے، پاناما کیس میں نااہلی کی بعد سابق وزیراعظم مظلوم بن گئے ہیں، 6 گاڑیاں آگے اور 6 گاڑیاں پیچھے ہیں پھر بھی نوازشریف مظلوم بنے پھرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ عدلیہ کی ناانصافی کی بات کرتے ہیں وہ بتائیں کہ جب شہبازشریف جج سے باتیں کرتے تھے اور پھر مجھے اسی جج نے سزا بھی دی تھی لیکن پھر وہی سزا سپریم کورٹ نے ختم بھی کردی، ایک پورا سلسلہ جاری تھا جب شہبازشریف ایک دن سیف الرحمان سے بات کرتے تھے اوردوسرے روز وہ کام ہوجاتا تھا۔ یہ کیسے مظلوم ہیں جن کی اپنی حکومت ہے، مظلوم تو ہم تھے جو مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے بکتر بند گاڑی میں لائے جاتے تھے۔
ایک سوال کے جواب میں سابق صدر نے کہا کہ ہمیں بھارت سے کوئی مسئلہ نہیں، ہمارا اختلاف نریندرا مودی کی سوچ سے ہے، مودی اپنے ملک کو ایک سیکولرازم قرار دیتا ہے لیکن مودی کے بھارت میں سیکولرازم نظر نہیں آرہا کیوں کہ اب دنیا پر نہرو والا بھارت نہیں بلکہ مودی کا ہے، بھارتی وزیراعظم نے سستی شہرت کے لئے ہٹلر کی طرح نفرت کی سیاست کی جو اب بھی جاری ہے۔