ایمزٹی وی(کراچی)کے الیکٹرک نے سپریم کورٹ کے احکامات کو بھی نظر انداز کردیا اور شہر میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔
عدالتی حکم کے باوجود کراچی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ نارتھ کراچی اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں رات بھر بجلی غائب رہی۔ کراچی یونیورسٹی ایمپلائز ہاؤسنگ سوسائٹی اسیکم 33 اور فاطمہ جناح کالونی نارتھ کراچی میں کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے
شہر کے مختلف علاقوں میں 10 سے 15 گھنٹے بجلی غائب رہنا معمول بن گیا ہے۔ مستثنٰی علاقوں میں بھی 3 سے 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ رمضان کی آمد کے باوجود کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کم نہ کی۔ پہلے کے الیکٹرک نے گیس کی مطلوبہ مقدار نہ ہونے کا بہانہ بنایا تھا اور اب بن قاسم پاور اسٹیشن کے پُرزے کی خرابی کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
پُرزے کی تبدیلی کا کام 20 مئی تک مکمل کئے جانے کا امکان ہے۔ شہری پریشان ہیں کہ رمضان میں کے الیکٹرک ان کے ساتھ کیا کرے گا۔ محکمہ موسمیات بھی رمضان کے پہلا ہفتے میں شدید گرمی کا امکان ظاہر کرچکا ہے
ایمز ٹی وی (اسلام آباد)صدر مملکت ممنون حسین نے سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کے دائرہ اختیار کی فاٹا تک توسیع کے بل "فاٹا دائرہ کار بل" کی منظوری دے دی ہے۔یہ بل قومی اسمبلی اور سینیٹ سے پاس ہونے کے بعد وزیر اعظم کی طرف سے صدر مملکت کے پاس منظوری کے لیے بھیجا گیا تھا۔ تیرہ اپریل کو سینیٹ میں سپریم کورٹ اور پشاور ہائیکورٹ کا دائرہ کار وفاق کے زیر انتظام علاقے فاٹا تک بڑھانے کے لیے ’فاٹا دائرہ کار بل 2017‘ منظور کیا گیا تھا، جبکہ یہ بل قومی اسمبلی سے بھی منظور ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل یہ بل ایوان بالا میں بھی منظوری کیلئے پیش کیا گیا تھا، جس پر جے یو آئی ف اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے اجلاس میں بل کی مخالفت اور اجلاس سے بائیکاٹ کیا، جس کے بعد پیپلزپارٹی، ن لیگ اور تحریک انصاف سمیت دیگر شرکاءنے بل منظور کرلیا تھا۔
صدر مملکت نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی سفارش پر بل کی منظوری دی جس کے بعد یہ بل فوری طور پر نافذ العمل ہوگیا ہے۔ ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور فاٹا کے عوام نے فاٹا دائرہ کار بل 2017 کی منظوری کو فاٹا کی قومی دھارے میں شمولیت کی جانب پہلا قدم قرار دیا ہے۔