پیر, 30 ستمبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کاشیڈول تبدیل کردیا گیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم اب پہلے لاہور آئے گی پھر کراچی اور آخر میں راولپنڈی میں میچز ہوں گے۔ دورے میں 5 ٹی ٹوئنٹی اور 5 ون ڈے کھیلے جائیں گے

دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز نے تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔

لاہور میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز 14 ، 15 اور 17 اپریل کو ہوں گے، راولپنڈی میں 2 ٹی ٹوئنٹی میچز 20 اور 24 اپریل کو کھیلے جائیں گے اور راولپنڈی میں ہی پہلا ون ڈے میچ 26 اپریل کو ہو گا۔

کراچی میں 4 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے جن کی تاریخیں 30 اپریل ،3، 5 اور 7 مئی ہوں گی۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ ون ڈے میچز سے پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ اور ورلڈکپ کی تیاریوں کا موقع ملے گا،ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے لیے ٹیم کو ری بلڈ کرنے کے عمل کو معاونت بھی ملے گی۔

اس سے قبل جاری کیے گئے شیڈول میں سیریز کا آغاز کراچی سے ہونا تھا اور پھر لاہور اور اختتام راولپنڈی میں تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ شیڈول میں تبدیلی پنجاب میں صوبائی انتخابات کی وجہ سے کی گئی ہے۔

کراچی: محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہےکہ رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کلائمٹ ڈیٹا پروسیسنگ سینٹر نے رمضان المبارک کے چاند کی پیشگوئی کی ہےکہ رمضان المبارک کا چاند 22 مارچ کو نظر آنے کا قوی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رمضان المبارک کے چاند کی پیدائش 21 مارچ کی شب23:10منٹ پر ہوگی، اس لیے 22 مارچ کو مغرب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے سے زائد ہوگی، غروب آفتاب 6 بج کر 41 منٹ جب کہ غروب قمر 7 بج کر 32 منٹ پر ہوگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چاند دیکھنے کے دوران کراچی میں کہیں مطلع صاف اور کہیں ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

کراچی: محکمہ موسمیات نے کراچی میں 22 مارچ کو گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا نیا سسٹم 22 مارچ کو جنوبی بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے نتیجے میں کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر 22 مارچ کی شام کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

مغربی ہواؤں کا سلسلہ بدستور خطے میں موجود ہے جس کے زیر اثر سندھ میں جامشورو، ٹھٹہ ، سجاول، بدین، تھر پارکر، سانگھڑ ، عمر کوٹ، میر پور خاص، حیدرآباد، مٹیاری اوردیگراضلاع میں گرد وغبار ہوسکتا ہے ۔ گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں تیز باش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کے مضافاتی علاقوں میں کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

سسٹم کے زیر اثر بلوچستان کے اکثر اضلاع میں 22 سے 23 مارچ کے دوران بیشتر مقامات پر گرد وغبار متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی اور تیز بارش کا امکان ہے۔

لاہور : اسلامی دُنیا کی یونیورسٹیوں کے پانچویں وائس چانسلرز فورم کا انعقاد اتوار 19مارچ کو ہو گا

جس میں میں 250سے زائد اکیڈیمک لیڈرز شرکت کریں گے۔ ایچ ای سی سے جاری بیان کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن آف پاکستان،کامسیٹس یونیورسٹی،اسلام آباد،برٹش کونسل پاکستان اور اسلامک ورلڈ ایجوکیشنل،سائنسی اور ثقافتی تنظیم اور وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت کی شراکت میں مشترکہ طورپر 5ویں فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
فورم کے مقاصد 2012سے 2017تک پاکستان اور ترکیہ میں منعقد ہونے والے سابقہ فورمز سے تشکیل دیئے گئے ہیں ۔اسلامی دُنیا کی یونیورسٹیوں /اعلیٰ تعلیمی اداروں کے 250وائس چانسلرز،ریکٹرز اور صدورکے مابین 20 او آئی سی کی یونیورسٹیوں کے 40سربراہان اور مقامی یونیورسٹیوں کے200وائس چانسلرز اس سال وی سی فورم میں شریک ہوں گے۔

ان ممالک میں آذربائیجان، بینن، چاڈ،ایران، کرغزستان،لیبیا،ملائیشیا، مالدیپ،،نائیجیریا، فلسطین، سیرالیون، سوڈان،ترکیہ،متحدہ عرب امارات،یوگنڈا اور یمن شامل ہیں۔

کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نےانڈس یونیورسٹی کے کیریئر فیئر کا افتتاح کردیا ۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کسی شعبہ میں ترقی ممکن نہیں اس ضمن میں انڈس یونیورسٹی کا تعلیم کے شعبہ میں اہم کردار ہے انہوں نے کہا کہ جدید و ترقی یافتہ ،مستحکم و خوشحال پاکستان کے خواب کی تعبیر میرے سامنے موجود ہیں، میں یقین سے کہتا ہوں کہ یہ نوجوان اس ملک کا وہ اثاثہ ہیں جو پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے سب سے بڑے ضامن ہیں یہ ہمارا فخر ہیں اور کل انشاء اللہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرکے پوری قوم کے لئے مزید فخر کا باعث ہوں گے۔

گورنرسندھ نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بس مایوس نہیں ہونا، ہمت، حوصلہ اور جوان جذبوں سے مشکل سے مشکل حالات سے مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھنا ہے ، ہم اور آپ مل کر عزم پاکستان کو پورا کریں گے، اور اس ملک کوترقی و خوشحالی کا مسکن بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوان ملک کا بہترین سرمایہ ہیں ، ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی صلاحیتوں سے کیسے فائدہ اٹھایا جائے ، تاکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں تیزی لائی جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزادی حاصل ہوئے 75 برس گزرچکے ہیں آپ سب اس بات سے واقف ہیں کہ آج پاکستان تاریخ کے ایک اہم موڑ سے گزر رہا ہے۔یہی وقت ہے کہ ہم ماضی کے فیصلوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے ایک بہتر مستقبل کی بنیاد رکھیں۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے نوجوان مشکل وقتوں میں بہترین کارکردگی دکھانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،ان نوجوانوں نے مشکل ترین حالات اور انتہائی کم وسائل ہونے کے باوجود ہر شعبہ میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے،مگر یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ تعلیم کے یکساں مواقع نہ ہونے کے سبب ہمیں بیروزگاری ،مساوات اور صحت کے بنیادی مسائل کا آج بھی سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نوجوانوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ پروفیشنل لائف میں آنے والے چیلنجز، اور مشکلات کے لئے تیار رہیں ، زمانہ آپ کو آزمائے گا ، آپ نے اپنی ہمت اور حوصلہ سے اس آزمائش میں پورا اترنا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں اس کیریئر فیئر میں شریک کمپنیوں سے بھی یہ کہتا ہوںکہ آپ کے سامنے تراشیدہ ہیرے موجود ہیں، آپ کا اعتماد اور حوصلہ انہیں تراش کر کندن بناسکتا ہے۔

اس لئے انہیں مواقع دیجئے کہ یہ اپنی صلاحیتوں کا بھرپور طریقہ سے اظہار کرسکیں۔آئےے ہم سب ملک کر عہد کریں کہ پاکستان کو خوشحال، مستحکم اور ترقی یافتہ بنانے کے لئے اپنی اپنی صلاحیتوں کے مطابق بھرپور کوشش کریں گے۔

لاہور: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشنز پنجاب نےنہم و دہم کے سالانہ امتحانات 2023 کے شیڈول کا اعلان کر دیا۔

ترجمان لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے بتایا کہ لاہور ، فیصل آباد، گجرانوالہ، ملتان ،راولپنڈی، ساہیول اور سرگودھاسمیت پنجاب کے مختلف بورڈ زکےتحت دسویں جماعت کےسالانہ امتحانات یکم اپریل سے شروع ہوں گے ،جس کے لیے بورڈ نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور امتحانات کی موثر نگرانی کے لئے سرویلنس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

ترجمان کے مطابق بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن لاہور نے شہر بھر میں 868 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں اور انتظامات کی نگرانی کے لیے بورڈ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔

ترجمان کاکہنا ہے کہ امتحانات میں 233862 امیدوار شرکت کریں گے جن میں سے 126398 طلبا جبکہ 107464 طالبات ہوں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ رول نمبر سلپس پرائیویٹ امیدوار بورڈ کی ویب سائٹ سے ڈائون لوڈ کر سکتے ہیں جبکہ ریگولر امیدوار اپنے سکولوں سے حاصل کر سکتے ہیں۔

لاہور: پی ایس ایل 8 کی چمچماتی ٹرافی پر قبضہ جمانے کیلیے فیصلہ کن جنگ آج چھڑے گی۔

ملتان سلطانز نے نگاہیں تیسری بار ٹائٹل پر مرکوزکرلیںجبکہ لاہور قلندرز اعزاز کا دفاع کرنے کیلیے پُرعزم ہیں۔

ان فارم بولرز حریف بیٹرز پر ٹوٹ پڑنے کیلیے تیار ہیں، بہترین کرکٹرزسے مزین قلندرز نے ہدف کا دفاع نہ کرنے کا تاثر گذشتہ روز زائل کر دیا، بولنگ کمبی نیشن سے بھی بہتر کارکردگی کی امیدیں وابستہ ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال بھی فائنل میں یہی دونوں ٹیمیں ایکشن میں تھیں اور اب ری پلے ہوگا، لاہور میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔

لاہور: لاہور میں سیاسی کشیدگی نے پاکستان سپر لیگ کےمنتظمین کو بھی پریشانی میں مبتلا کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ حکام پروگرام کے مطابق آج ملتان سلطانز اورلاہور قلندرز کی ٹیموں کے مابین اہم شیڈول میچ کروانے کیلئے پُر عزم ہیں جبکہ گزشتہ روزملتان سلطانز، لاہور قلندرز، سلام آباد یونائٹیڈاورپشاور زلمی کی ٹیموں کے شیڈول پریکٹس سیشن منسوخ کردیے گئے تھے۔

مال روڈ کے نجی ہوٹل میں قیام پذیر ٹیموں نے جس روٹ سے اسٹیڈیم کی طرف موڑنا ہے، یہ وہ ہی راستہ ہے جہاں اس وقت پولیس پی ٹی آئی کارکنان کو منتشر کرنے کیلئے موجود ہے

بورڈ ذرائع کے مطابق حالات کا جائزہ لیا جارہا ہے تاہم سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی ٹیموں کی اسٹیڈیم روانگی ممکن ہوسکے گی۔

دوسری جانب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان میچ آج شام 7 بجے شیڈول ہے۔

کراچی: صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نےجناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے تیسرے کیمپس کا افتتاح کردیا۔

عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں، نوجوان نسل کو اپنی اسکلز پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی بہترین طریقے سےخدمت کرسکیں۔

افتتاح کے بعد صوبائی وزیر سمیت معزز مہمانوں کو نئی بلڈنگ کا دورہ بھی کروایا گیا جسکے بعد سیکریٹری صحت ذوالفقارعلی شاہ اور رجسٹرار جےایس ایم یو ڈاکٹر اعظم خان نے جے ایس ایم یو کوسندھ حکومت سے مذکورہ بلڈنگ کی حوالگی کے ایم او یو پر دستخط کیے اس موقع پر صوبائی وزیر نے مزید کہاکہ جے ایس ایم یو ہی اس عمارت کو بہترین تعلیمی ادارے میں تبدیل کرسکتی تھی،محکمہ صحت سندھ تعلیم و صحت کی سہولتوں کےفروغ کے اپنے مشن کیساتھ آگے بڑھ رہا ہے، ہماری ہر ممکن کوشش ہے کہ اس صوبے کا کوئی بھی شخص اعلیٰ تعلیم و طبی سہولتوں سے محروم نہ رہے۔

صوبائی سیکریٹری صحت ذو الفقار علی شاہ نے کہاکہ جذبے کیساتھ کام کریں تو ادارے پروان چڑھتے ہیں، جے ایس ایم یو کا جذبہ قابل دید ہے، مجھے یہاں شعبہ صحت کے مستقبل کے معمار نظر آرہے ہیں، طلباء پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پہلے مقامی لوگوں کیلئے اپنی خدمات وقف کریں اس کے بعد وہ جہاں چاہیں ملک و قو م کا نام روشن کریں۔

اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کہاکہ صوبائی وزیر ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عوامی فلاح بہبود کے اقدامات پر ہمیشہ سپورٹ کیا ہے

آئی ایم ٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عمران نےکہاکہ جے ایس ایم یو کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے تحت کلینکل اور ٹیکنیکل ٹیکنالوجی پر کام کرنے کی تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے،شعبہ طب میں میڈیکل ٹیکنالو جی کی اہمیت آئے روز برھتی جارہی ہے۔ اس موقع پر پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر پرویز مخدوم، ڈاکٹر لئیق الزماں، ڈاکٹر عبدالواحد عثمانی، پروفیسر محمود حسین، پروفیسر ہما علی، پروفیسر ہما شریف، مس نورین زہرہ، ناظم امتحانات ڈاکٹر انیتا شاہ، مسز انیسہ امجد سمیت طلبا و طالبات کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

جے ایس ایم یو کے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی کے تحت کلینکل اور ٹیکنیکل ٹیکنالوجی پر کام کرنے کی تعلیم و تربیت فراہم کی جاتی ہے،شعبہ طب میں میڈیکل ٹیکنالو جی کی اہمیت آئے روز برھتی جارہی ہے۔

لاہور میں پی ٹی آئی کی ریلی کے روٹ پر آنےوالے تعلیمی ادارے اور بازار دوپہر 12 بجے بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا۔

کمشنر لاہورچوہدری محمد علی رندھاوا نے سیکورٹی خدشات کے باعث پی ٹی آئی کی ریلی کے روٹ میں آنے والے تمام اسکولز، کالجز، دکانیں اور مارکیٹس دوپہر 12 بجے بند کرنے کا حکم جاری کیا۔

کمشنر لاہور کی جانب سے سیکرٹری اسکولز، ہائر ایجوکیشن، ڈپٹی کمشنر لاہوراور سیکرٹری آئی اینڈ سی کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا گیا۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے گزشتہ روز پی ٹی آئی کو مشروط ریلی نکالنے کی اجازت دی تھی۔

Page 72 of 2379