ایمز ٹی وی (لاہور) سابق گونر پنجاب غلام مصطفیٰ کھر کے بیٹے حسین کھر کو اغوا کر لیا گیا،جس کا مقدمہ ابھی تک درج نہیں کیا گیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق حسین کھر رات ساڑھے دس بجے کے قریب اپنی گاڑی میں گھر واپس آ رہے تھےجب انہیں لاہور کے علاقے جوہر ٹاﺅن سے اغوا کر لیا گیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق اغواکاروں کی جانب سے ابھی تک کسی قسم کے تاوان کا مطالبہ نہیں کیا گیا ہے ،تھانہ جوہر ٹاﺅن نے ابتدائی تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت کور کمانڈرز کانفرنس جاری ہے۔ کانفرنس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور خیبر ایجنسی وشمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کیخلاف جاری آ پریشن ضرب عضب میں پیشرفت کا جائزہ لیا جائیگا۔جبکہ سربراہ پاک فوج کے آئندہ دورہ امریکہ سے متعلق بھی بات چیت کریں گے۔
ایمز ٹی وی (خیبرایجنسی) عسکری ذرائع کے مطابق آپریشن “خیبر ون” کامیابی کے ساتھ جاری ہے جس میں اب تک 135 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں جن میں اہم کمانڈر بھی شامل ہیں، آپریشن کے نتیجے میں 250 دہشت گرد اور اہم کمانڈر ہتھیار بھی ڈال چکے ہیں۔
یاد رہے کہ خیبرایجنسی اور فاٹا میں دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لئے پاک فوج کی جانب سے آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر ون اور ٹو بھرپور کامیابی سے جاری ہے جس کے دوران سیکڑوں دہشت گرد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ شمالی وزیرستان کا 80 فیصد سے زائد علاقہ دہشت گردوں سے پاک کرالیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران اور امریکا سمیت 6 عالمی طاقتوں کے درمیان تہران کے جوہری پروگرام کے مستقل حل کے لئے اومان کے دارالحکومت مسقط میں کئے جانے والے مذاکرات بے نتیجہ ختم ہو گئے ہیں۔ مذاکرات کے حوالے سے امريکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جينيفر ساکی کا کہنا تھا کہ امریکی وزیر خارجہ اور یورپی مذاکرات نے ایران کے مذاکراتی اہلکار کے ساتھ 2 طويل ملاقاتيں کیں اور حکام اب بھی کوشش ميں ہيں کہ 24 نومبر سے قبل مسئلے کا کوئی دیر پا حل نکال لیا جائے۔
خیال رہے کہ ویٹو طاقت کے حامل 5 ممالک اور جرمنی پر مشتمل’پی فائيو پلس ون‘ کہلانے والے گروپ اور ايران کے درميان مذاکرات کا مقصد ايران کے جوہری پروگرام کا کوئی دیر پا حل تلاش کرنا ہے اور اس سلسلے ميں فریقین کے درمیان گزشتہ برس نومبر ميں ايک عارضی 6 ماہ کی ڈيل طے پائی تھی جس کی مدت ميں بعد ازاں مزيد 6 ماہ کا اضافہ کر دیاگیا تھا جو رواں ماہ کی 24 تاریخ کو ختم ہو رہی ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) نریندرمودی کو بھارتی عوام نے بھاری مینڈیٹ دے کر رواں برس وزارت عظمیٰ کے مسند پر بٹھایا تاکہ وہ اپنے ماضی کے برعکس ملک کی ترقی اور عوام کی بہبود کے لئے کام کرسکیں، لیکن بھارت کو ترقی کی راہ میں گامزن کرنے کا عہد لے کر مودی نے جو کابینہ بنائی ہے وہ بھی اپنی مثال آپ ہے اور ان کی کابینہ کے آدھے ارکان خود مجرمانہ کارروائیوں اور سنگین انتخابی بے ضابطگیوں میں ملوث ہیں۔
نریندر مودی کی کابینہ میں شامل 31 وزرا کے خلاف بھارت کے مختلف علاقوں میں مختلف نوعیت کے مقدمات درج ہیں جن میں سے 20 وزرا پر جرائم کے واقعات میں بالواسطہ جبکہ 11 وزرا پر براہ راست ملوث ہونے کے الزامات ہیں ، چند ایک تو ایسے بھی ہیں جن کے خلاف قتل، اقدام قتل اور مذہبی فسادات کو ہوا دینے کے مقدمات درج ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) رانا بھگوان داس اور جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کے بعد اس عہدے کے لئے نامزد امیدوار جسٹس (ر) طارق پرویز کا کہنا ہے کہ حکاومت نے انہیں چیف الیکشن کمشنر بنانے کی کوئی پیش کش نہیں کی اور اگر مستقبل قریب میں ایسی کوئی پیش کش ہوئی تو مشاورت کے بعد فیصلہ کروں گا۔
ےاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 13 نومبر تک حکومت کو مستقل چیف الیکشن کمشنر کے تقررکی ہدایت کر رکھی ہے جب کہ اس حوالے سے حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے اس عہدے کے لئے آنے والے 2 امیدواروں نے عہدہ قبول کرنے سے معذرت کرلی ہے۔
ایزم ٹی وی (کراچی) ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی سیدہ شہلا رضا کو کالعدم تنظیموں کی جانب سے دھمکی آمیز خط موصول، خط میں مبینہ طور پر کالعدم تنظیم نے انہیں قتل کرنے کے لئے ان کی گاڑی کو بم سے اڑانے کی دھمکی دی ہے۔ شہلا رضا نے دھمکی آمیز خط اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے چیمبر میں جمع کرادیا ہے ساتھ ہی انہوں نے جان کے خطرے کے پیش نظر تحریری طور پر بم پروف گاڑی فراہم کرنے کی بھی درخواست کی ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نےشہلا رضا کو یقین دہانی کرائی کہ وہ وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو اس صورت حال سے بذات خود آگاہ کریں گے اور انہیں فول پروف سیکیورٹی کے لئے اپیل کریں گے۔
ایمز ٹی وی (راولپنڈی) نیب کی جانب سے ای او بی آئی اسکینڈل میں سابق وزیراعظم راجا پرویزاشرف اور سابق چیئرمین ای او بی آئی ظفر گوندل کے خلاف دائر ریفرنس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ راجا پرویز اشرف اورظفر گوندل پر قومی خزانے کو 60 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے، ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ راجا پرویز اشرف نے غیرقانونی طریقے سے ظفر گوندل کو ای او بی آئی کا چئیرمین مقررکیا، اس کے علاوہ اپنی وزارت عظمیٰ کے دور میں اپنے داماد عظیم الحق کو ورلڈ بینک میں تعینات کرایا۔
ایمز ٹی وی (لاہور) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے متاثرین سیلاب کی امداد کے بارے میں کابینہ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ہر مستحق شخص کو اس کا حق دیا جائے گا۔
حکومت نے سیلاب سے متاثرہ آبادی کی بحالی کیلئے سولہ ارب روپے سے زائد کا تاریخی پیکج دیا ہے۔لاہور میں متاثرین سیلاب کی امداد کے بارے میں کابینہ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ ہر مستحق شخص کو اس کا حق دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ موسم سرما کے پیکج کے تحت متاثرہ لوگوں میں پچیس ہزار رضائیاں تقسیم کی جائیں گی۔انہوں نے کمیٹی کو ہدایت کی کہ ایسے متاثرہ اضلاع جن میں ریت کی وجہ سے زمین ناقابل کاشت ہوگئی ہے کسانوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر ایک حکمت عملی وضع کریں۔
ایمزٹی وی: (کوئٹہ) ڈبل روڈ پر شہری ہوٹل پر ناشتہ کررہے تھے کہ اس دوران قریب کھڑی گاڑی میں نصب دھماکا خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر قریبی اسپتال منتقل کیا جہاں دوران علاج ایک بچہ دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک گاڑی میں نصب تھا جس کے پھٹنے سے متعدد دکانیں تباہ اور 7 گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ جائے وقوعہ سے انسداد دہشتگردی عدالت کے جج نذیراحمد لانگو کی گاڑی بھی گزررہی تھی جو دھماکے کی زد میں آگئی.
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکے میں تقریباً 40 کلو دھماکا خیزمواد استعمال کیا گیا اورخدشہ ہے کہ دہشتگردوں کا ہدف انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج تھے۔ ایس ایس پی آپریشنز کا کہنا ہے کہ جس گاڑی میں دھماکا خیز مواد رکھا گیا اس کا انجن اور چیسز نمبر حاصل کرلیا جب کہ دھماکے میں ایک بچہ جاں بحق ہوا جو اس وقت گاڑی کے قریب موجود تھا۔
وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے آئی جی کو شہر بھر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے اور دھماکے میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ڈبل روڈ دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی۔