ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی پولیس نے ایدھی سینٹر میں ہونے والی واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کی تردید کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایدھی سینٹر واردات کا کوئی ملزم گرفتار نہیں ہے۔ واردات کے شبہہ میں حراست میں لیا گیا شخص مظہر بے گناہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واردات میں ملوث ملزمان کا ڈیٹا اکھٹا گیا ہے۔ کراچی پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملزمان کراچی میں موجود نہیں ہیں جبکہ ملزمان گرفتاری کے ڈر سے اپنی جگہ روز تبدیل کرتے ہیں۔ پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے تاہم اب تک کوئی کامیابی نہیں ہوئی۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سابق چیف جسٹس رانا بھگوان داس نے چیف الیکشن کمشنر بننے سے معذرت کرلی ،پیپلز پارٹی رہنماءاور سینیٹر رضا ربانی نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں رانا بھگوان داس سے ملاقات کی جو تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہی۔ ملاقات میں رانا بھگوان داس کو چیف الیکشن کمشنر تعینات کرنے سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا تاہم رانا بھگوان داس نے عہدہ سنبھالنے سے معذوری ظاہر کی اور کہا کہ وہ اس عہدے پر کام کرنا مناسب نہیں سمجھتے۔
ایمزٹی وی:(کراچی) بن قاسم کے علاقے پورٹ قاسم پرتیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 2 افراد زخمی ہوگئے، 30سالہ گلزار مسیح دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا جبکہ 29سالہ طارق کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے آپس میں دوست اور پپری کے رہائشی ہیں، گلشن معمار کے علاقے مکھی روڈ ناردرن بائی پاس افغان کیمپ کے قریب تیز رفتار موٹر سائیکل سلپ ہونے سے 3افراد زخمی ہوگئے ،16سالہ میر حسن دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق ہلاک و زخمی ہونے والے مولوی قاسم روڈ گلشن معمار کے رہائشی ہیں۔
ماڑی پور کےعلاقے ناردرن بائی پاس پرٹریلر اور سوزوکی پک اپ میں تصادم کے نتیجے میں سوزوکی میں سوار ایک شخص شدید زخمی ہوگیا اس نے دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہو ئے دم توڑ دیا، پولیس نے بتایا کہ متوفی سوزوکی کا ڈرائیور تھا،لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے رکشا الٹ گیا جس کے نتیجے میں35 سالہ عزیز ولد تاج ملوک ، 30سالہ عیسی اور36 سالہ بنارس زخمی ہو گئے، ناظم آباد نمبر2سبحانی بیکری کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار24سالہ فوادشدید زخمی ہو گیا، شریف آباد کے علاقے لیاقت آباد نمبر4ارم بیکری کے قریب گاڑی کی ٹکر سے11سالہ عبد اﷲ زخمی ہو گیا۔
ایمز ٹی وی (بنوں) شمالی وزیرستان سے آنے والے متاثرین بنوں میں آئی ڈی پیز کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ،موسم سرد ہونے کی وجہ سے انکی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور طرح طرح کی بیماریوں کاشکار ہورہے ہیں آئی ڈی پیز کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان سے جب وہ لوگ نقل مکانی کرکے آرہے تھے تو ان کو کہا گیاتھا کہ ایک ماہ بعدان کی واپسی ہوگی اسی وجہ سے وہ تمام سامان وہاں چھوڑ آئے تھیں اب جبکہ چار مہینے گزرگئے ہیں اور سردی کی شدت میں بھی مزید اضافہ ہوگیا تو انکو سردی کے کپڑوں کی ضرورت ہے جو اب تک ان کو نہیں ملے۔ جس کی وجہ سے انکی خواتین اور بچے بیمار ہورہے ہیں ۔دوسری طرف ڈاکٹر کی کمی اور ادویات کی سہولیات بھی نہ کافی ہیں انکا کہنا ہے کہ یا تو حکومت انکی واپسی کو یقینی بنائے یا پھر سردی کے حوالے سے فوری طور پر اقدامات کئے جائیں ۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ دوستی نے عوامی روپ پہنا ہے، چین کے ساتھ کئے گئے معاہدوں سے پسماندہ علاقے ترقی کریں گے اور نوجوانوں کو روز گار ملے گا، اقتصادی راہداری منصوبے سے ترقی صرف شہروں تک محدود نہیں رہے گی بلکہ پسماندہ علاقے بھی ترقی کریں گے، انھوں نے کہا کہ نئے منصوبوں سےگوادر میں بھی ترقی ہو گی جس سے بلوچستان ترقی کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ توانائی منصوبوں سے پاکستان کو 10 ہزار 500 میگا واٹ اضافی بجلی ملے گی، جبکہ کوئلے سے ساڑھے 3 سال میں بجلی حاصل ہوسکے گی۔انھوں نے کہا کہ چین کے ساتھ شمسی توانائی، پن بجلی ، ہوا اور پانی سے بجلی کے منصوبوں پر دستخط کئے گئے ہیں، جس سے پاکستان میں انرجی بحران ختم ہو گا جس کے باعث ملک میں نئے کاروبار شروع ہوں گے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک ) میکسیکو کےاٹارنی جنرل جیسس میوریلو نے کہا کہ گینگ کے تین مبینہ اراکین نے دعویٰ کیا کہ بعض طلبا دم گھٹنے سے پہلے ہی سے ہلاک ہوئے تھے جبکہ دیگر کو انھوں نے گولی مار کر ہلاک کیا اور تمام لاشوں کو آگ لگا دی۔ گینگ کا کہنا تھا کہ یہ طلبا پولیس نے ان کے حوالے کیے تھے۔ یاد رہے کہ 26 ستمبر کو اگیوالا قصبے میں پولیس سے تصادم کے بعد 43 طلبا لاپتہ ہو گئے تھے ۔ لاپتہ ہونے والے طلبا کے لواحقین کا کہنا ہے کہ انھیں ایک دریا کے کنارے سے چھ بوریوں میں انسانی لاشیں ملنے کے بارے میں بتایا گیا ہے۔ بوری بند لاشیں اس علاقے سے ملیں ہیں جہاں پر طلبا لاپتہ ہوئے تھے طلبا کو ڈھونڈنے کے لیے اس سے پہلے کیے گئے سرچ آپریشن میں طلبا کے لاپتہ ہونے والے قصبے اگیوالا کے نواح میں ایک اجتماعی قبر ملی تھی لیکن وہاں سے ملنے والی لاشوں کی ابتدائی ٹیسٹ رپورٹ سے معلوم ہوا کہ ان میں لاپتہ طلبا کی لاشیں نہیں تھیں۔ اٹارنی جنرل جیسس میوریلو نے خبردار کیا ہے کہ لاشوں کی جلی ہوئی باقیات کی شناخت کرنا مشکل ہے اور حکام اس وقت تک ان طلبا کو لاپتہ تصور کریں گے جب تک ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے ان لاشوں کی شناخت نہیں ہو جاتی۔ انھوں نے کہا کہ ان لاشوں کو پیٹرول، ٹائر اور آگ والی لکھڑیوں کے ساتھ 14 گھنٹوں تک جلایا گیا اٹارنی جنرل کے مطابق مشتبہ افراد کو اندازہ نہیں کہ انھوں نے کتنے طلبا کو پکڑا تھا لیکن ان میں سے ایک نے بتایا کہ ان طلبا کی تعداد 40 سے زیادہ تھی- لاپتہ طلبا زیرِ تربیت اساتذہ تھے جو غیر منصفانہ بھرتیوں کے خلاف احتجاج کرنے اور اپنے کالج کے لیے چندہ کرنے کے لیے اگیوالا گئے تھے لیکن پولیس کے ساتھ تصادم کے بعد غائب ہو گئے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) کراچی کے علاقے لیاری میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے دو زخمی سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔رینجرز کے مطابق لیاری کے علاقے علی محمد محلہ میں پولیس اور رینجرز نے چھاپہ مارا جس پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مقابلے کے بعد چار ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں سے دو ملزم زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق گینگ وار سے ہے جبکہ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک )وزیر اعظم نواز شریف چین کے دورے پر ہیں جہاں چین اور پاکستان کےدرمیان دو طرفہ معاہدوں پر دستخط ہوئے ان میں کوئلے کی کان کنی، ہائیڈرو پاور پراجیکٹس، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے معاہدے، اور شمسی توانائی کے معاہدے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ اقتصادی اور فنی تعاون کے معاہدے ہوئے۔ جن میں انیس دو طرفہ معاہدوں کی مالیت چار ارب ڈالر ہے۔ ان معاہدوں میں سے34ارب ڈالر توانائی اور متعلقہ منصوبوں جبکہ 11 ارب ڈالر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبوں پر خرچ ہوں گے۔ وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف نے کہا کہ ان کا چین کا دورہ پاکستان میں بجلی کے بحران کو حل کردے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت بجلی کے بحران کو مستقل طور پر حل کرنا چاہتی ہے۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ پاکستان چین معاشی راہداری پراجیکٹ خطے کی قسمت بدل دے گا۔ انھوں نے امید ظاہر کی کہ نئے پراجیکٹس سے ترقیاتی کاموں میں تیزی آئے گی۔ وزیر اعظم ایشیا اور بحرالکاہل اقتصادی تعاون کے اجلاس میں شرکت کے لیے چین گئے ہوئے ہیں اپنے دورے میں رائی کوٹ سے اسلام آباد تک 440 کلومیٹر طویل قراقرم ہائی وے دوم کی تعمیر، کراچی لاہور موٹر وے، حویلیاں ڈرائی پورٹ، کراس بارڈر آپٹیکل فائبر کیبل سمیت دیگر معاہدے بھی کریں گے۔ بجلی کے منصوبوں کی تعمیر کا تجربہ رکھنے والے ڈاکٹر ثمر مبارک مند کہتے ہیں کہ ان منصوبوں میں سب سے اہم نکتہ ان بجلی گھروں کو ایندھن کی فراہمی ہے: ثمر مبارک مند کے مطابق اپنے لیے ضرورت کی بجلی پیدا کرنے کے لیے بجلی گھر تو پاکستان میں پہلے بھی موجود ہیں، اصل مسئلہ ایندھن کا ہے جو نہ پہلے سے نصب شدہ بجلی گھروں کے لیے دستیاب ہے اور نہ نئے بجلی گھروں کے لیے دستیاب ہو گا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد کے ڈی چوک پر آزادی دھرنے كے شركا سے خطاب كرتے ہوئےتحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے كہاکہ اب ہمیں موجودہ الیكشن كمیشن سے نہیں بلکہ سپریم کورٹ سے انصاف كی توقع ہے، سپریم كورٹ ایک ایسا كمیشن بنائے جو 30 روز میں تحقیقات كرے، سپریم كورٹ كے پاس جسٹس (ر) ناصر اسلم جیسی شخصیات ہیں جو دھاندلی كی منصفانہ تحقیقات كرسكتی ہیں، اگر انتخابات میں دھاندلی ثابت نہ ہوئی تو ہم اپنا دھرنا ختم كردیں گے اور اگر ثابت ہوجائے تو نواز شریف استعفیٰ دیں گے۔انکا کہنا تھا کہ حکمران عوام كے پیسے كو بیدردی سے خرچ كر رہے ہیں، رائیونڈ کی پولیس كا سالانہ خرچہ 50 كروڑ روپے ہے جبکہ آصف زرداری كے حالیہ دورہ چین پر بھی پاكستانیوں كے ڈھائی كروڑ روپے خرچ ہوئے کیونکہ سندھ حكومت نے انہیں دورے كے لئے ہوائی جہاز سركاری خرچے پر فراہم كیا لیکن تحریک انصاف كی حكومت عوام كا پیسہ عوام پر خرچ كرے گی، گورنر ہاؤسز كی دیواریں گرا دیں گے اور تحریک انصاف كے گورنر اور وزرائے اعلیٰ سادگی اختیار كریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرولیم مصنوعات كی قیمتوں میں كمی ہوئی مگر پاكستان میں اس حساب سے كمی نہیں كی گئی، پیٹرول اور ڈیزل كی قیمتیں ہمارے خوف سے نیچے آئیں تاہم ان میں ابھی اور بھی كمی ہونی چاہئے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف زرداری كے 300 ارب ڈالر بیرون ملک میں ہیں اوردونوں ملک کے دوسرے اورتیسرے ا امیر ترین آدمی ہیں لیكن یہ خود ٹیكس نہیں دیتے، نواز شریف جب 4 سال پہلے اچھے موڈ میں تھے تو 5 ہزار روپے ٹیكس دیا لیکن جب بیرون ملک مقیم تھے تو ایک روپیہ بھی ٹیكس نہیں دیا، كیا اس دوران وہ اپنی تمام فیکٹریاں بھی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری پوچھتے ہیں كہ دھرنے کے لئے پیسہ كہاں سے آتا ہے تو انہیں بتا دوں كہ دھرنے كے لئے پیسہ عوام دیتے ہیں جبکہ بیرون ملک پاكستانی بھی پیسہ اكٹھا كر رہے ہیں۔انھوں نے کہا ابھی تو وارم اپ چل رہا ہے جب کہ اصل دھرنا 30 نومبر کے بعد شروع ہوگا انہوں نے کہا کہ انسانوں كے سمندر كے لئے آزادی فنڈ میں 5 كروڑ روپے اكٹھے ہوچكے ہیں۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بیجنگ میں چینی صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چنگ سے ملاقاتیں کیں جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور فنی تعاون سمیت 21 معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہوئے،چینی ہم منصب سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں دھرنوں کی وجہ سے جو کام رہ گیا ان معاہدوں سے ان میں روح آ جائے گی، ہماری حکومت ملک سے بجلی کا بحران ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے، دورے سے پاکستان میں توانائی کا مسئلہ حل کرنے میں مدد ملے گی اور توانائی کا مسئلہ حل ہونے سے ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کی عکاس ہے، یہ منصوبہ خطے کی تقدیر بدل دے گا، اس سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور ملک سے غربت کا خاتمہ ہو گا۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستانی عوام چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے اور پاکستان ون چائنا پالیسی کی حمایت کرتا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور چین کے درمیان توانائی اور اقتصادی راہداری منصوبے سمیت 21 معاہدوں اور مفاہمت کی یاداشتوں پر دستخط ہو گئے ہیں۔