ھفتہ, 07 دسمبر 2024

(ایمز ٹی وی) فون میں قرآن مجید عربی اور روسی ترجمے کے ساتھ موجود ہے، موبائل فون کی تیاری سے قبل مسلمانوں سے ان کی دلچسپیوں کے بارے میں پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔

روس میں موبائل فون تیار کرنے والی ایک کمپنی نے صرف مسلمانوں کے لیے مخصوص ایک فون تیار کیا ہے جس میں قرآن مجید ، قبلہ نما اور نماز کی اذان کو پہلے ہی انسٹال کردیا گیا ہے۔

روسی میڈیا کی اطلاع کے مطابق اس موبائل کو ابتدائی طور پر صرف روسی مسلمانوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے اور اس میں مکمل قرآن مجید عربی متن اور روسی ترجمے کے ساتھ موجود ہے۔

یہ فون بی-کیو موبائل کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس میں ایسا آلہ بھی لگایا گیا ہے جو صارف کی جگہ کے بارے میں بتائے گا اور وہ جس علاقے میں بھی موجود ہوگا وہاں سے اس کی کعبۃ اللہ (مکہ مکرمہ) کی جانب رُخ کے لیے رہ نمائی کرے گا۔

روسی مسلمانوں کی مرکزی روحانی انتظامیہ کے نمائندے تیمور امائیف نے سرکاری خبررساں ایجنسی تاس کو بتایا ہے کہ ”اس موبائل کی تیاری سے قبل ماہرین نے مسلم عقیدے کے پیروکاروں کی دلچسپیوں کا مطالعہ کیا تھا اور ان سے یہ پوچھا تھا کہ ان کی روزمرہ زندگی میں کس طرح کا آلہ مفید رہے گا”۔

انھوں نے بتایا کہ ”اس موبائل فون کا مینو بہت سادہ اور واضح ہے۔ صارف چند ایک کلک کے بعد قرآن مجید کی سورتوں پر پہنچ جاتا ہے اور وہ اپنی مطلوبہ سورہ کو کھول کر اس کی تلاوت کرسکتا ہے”

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف تین روزہ ایشیا بحرالکاہل اقتصادی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین پہنچے جہاں بیجنگ آمد پر وزیراعظم کا شاندار استقبال کیا گیا اور پیپلز لبریشن آرمی کے دستے نے انہیں سلامی بھی دی۔

چین روانگی سے قبل اپنے بیان میں وزیراعظم نوازشریف کاکہنا تھا کہ عوام کو لوڈشیڈنگ کی مصیبت سے بچانے کے لیے چین جا رہا ہوں جہاں اہم منصوبوں پر معاہدے کیے جائیں گے جس کے ذریعے پاکستان کے 10 لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار ملےگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین راہ داری منصوبے کے قومی معیشت پر دورس اثرات مرتب ہوں گے جبکہ مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان اور چین کے درمیان تعاون سے فواہد حاصل کرسکتے ہیں۔

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران چینی صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے جس میں علاقائی صورتحال اور دوطرفہ تعلقات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ اس دوران دونوں ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے 35 ارب ڈالر کے معاہدوں پر بھی دستخط کریں گے جن میں 14 منصوبے 10 ہزار چار سو میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے لیے ہیں اور دیگر منصوبوں میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور گوادر بندرگاہ کی ترقی کے معاہدے شامل ہیں۔

ایمز ٹی وی (لاہور) میڈم نور جہاں اور مہدی حسن مرحوم نے میوزک انڈسٹری  کیلئے جتنا کام کیا ہے وہ تمام معیاری  ہے۔ ہمیں نئے فنکاروں  کی تربیت کرنا ہو گی کیونکہ فنکار ملک کے سفیر ہوتے ہیں۔  گلوکارہ حمیرا چنا

میڈم نور جہاں اور مہدی حسن بڑے لوگ تھے بڑے لوگوں کا نام بھی ہمیشہ  یاد رکھا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ان دونوں کی فن موسیقی  کے لئے خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔

نئے گلوکاروں کو بھی چاہیے کہ وہ شارٹ کٹ  تلاش کرنے کی بجائے محنت اور ریاض سے آگے بڑھیں تاکہ وہ بھی ان عظیم گلوکاروں کی طرح لوگوں کے دلوں پر راج کر سکیں۔ ہمیں نئے فنکاروں کی تربیت کا ذمہ بھی اٹھانا چاہیے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) افغانستان میں حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے مسلح جدوجہدسے ترک کرکے نئی افغان حکومت کے ساتھ مذاکرات  پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

 افغانستان کے موجودہ صدر ڈاکٹراشرف غنی نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہی حزب اسلامی کے رہنمائوں جومختلف مقامات پرموجود تھے کی حمایت حاصل کی بلکہ صدارتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ان کی کامیابی بھی انجینئرقطب الدین ہلال کی واضح حمایت ہی کی وجہ سے ممکن ہو پائی، ڈاکٹراشرف غنی کی جانب سے افغان صدر کاعہدہ سنبھالنے کے فوراًبعد قریبی ساتھیوں اور اہم شخصیات کے ذریعے حکومت اورحزب اسلامی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہوا تھا۔

انجینئر گلبدین حکمت یارکی رواں سال کے اختتام تک کابل واپسی کاامکان ہے۔

ایمز ٹی وی (ملتان) سینٹرل جیل ملتان میں قتل کے الزام میں قید نوجوان نے اپنی محبوبہ سے ملاقات کی فرمائش کرتے ہوئے جیل سر پر اٹھالیا اور خود سوزی کے لئے بلند ٹینکی پر چڑھ گیا دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کی محبوبہ بھی وومن جیل ملتان میں قید ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کا رہائشی غلام محمد جیل میں شناختی پریڈ کے دوران موقع کا فائدہ اٹھا کر پانی کی ٹنکی پر چڑھ گیا اور محبوبہ کے سے ملنے کی فرمائش کر ڈالی مجرم کا کہنا تھا کہ مطالبہ پورا نہ ہونے کی صورت میں وہ اپنی جان دے دےگا۔

غلام محمد اور اس کی محبوبہ کو پولیس نے قتل کے الزام میں گرفتار کیا تھا جہاں محبوبہ سے جدائی برداشت نہ کرنے پر نوجوان خودسوزی کے لئے جیل کی عمارت پر ٹینکی پرچڑھ گیا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد)اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئےچیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہےکہ الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات نوازشریف کے نہیں سپریم کورٹ کے ماتحت قبول کریں گے جسے ایک ماہ میں مکمل کرایا جائے اور جسٹس(ر) ناصر اسلم زاہد جیسے لوگ اس کی سربراہی کریں اگر دھاندلی ثابت نہ ہوئی تو دھرنا ختم کردیں گے۔انھوں نے کہا کہ  آج ملک میں پیٹرول کی قیمتیں اسی دھرنے کی بدولت کم ہوئی ہیں لیکن حکومت اب بجلی اورگیس مہنگی کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران اور اسحاق ڈار سب سے بڑے ٹیکس چور ہیں، اسحاق ڈار کے آنے سے بجلی کی چوری 18 فیصد تک ہوگئی ہے، حکمرانوں کا اپنا پیسہ باہر پڑا ہے جبکہ نریندر مودی نے بھارتیوں کا پیسہ سوئٹزرلینڈ سے واپس مانگ لیا ہے، آج ملک میں ہر ایک کو نیا صوبہ چاہئے لیکن صوبے بننے سے کچھ ٹھیک نہیں ہوگا کیونکہ نئے صوبے مسائل کا حل نہیں اور مسائل صرف انصاف سے ہی حل ہوں گے، آج ملک میں ہر سال چار لاکھ بچے گندا پانی پینے سے مررہے ہیں، تھرپارکر میں لوگ بھوکے مررہے ہیں لیکن وزیراعلیٰ سندھ کو کچھ بھی پتا نہیں ہے،چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے ہوتے ہوئے ہمیں انصاف نہیں مل سکتا اس لیے کوئی غلط فہمی میں نہ رہے کہ دھرنا ختم ہوجائے گا۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) اسلام آباد  میں ہائی سیکیورٹی زون کے قیام کے آرڈیننس کا مسودہ تیار کرلیا گیا ہے، مسودے میں ریڈزون میں دھرنوں اور احتجاج پر پابندی کی سفارش کی گئی ہے اور خلاف ورزی پر دس سال قید کی سزا تجویز کر دی گئی ہے ۔مسودے کے مطابق کسی عمارت کو نقصان پہنچانے، ڈنڈا لانے یا چار سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی ہوگی، مسودے کے مطابق پارلیمنٹ ہاﺅس، وزیراعظم ہاﺅس اور آفس، ایوان صدر، سپریم کورٹ، وفاقی شرعی عدالت، ڈپلومیٹک انکلیو، ایف بی آر، ڈی چوک اور پریڈ ایونیو ہائی سیکیورٹی زون کا حصہ ہوں گے۔چیف کمشنر کسی بھی علاقے کو ہائی سیکیورٹی زون قرار دینے کے مجاز ہوں گے، مسودے کے مطابق کسی کو بھی ہائی سیکیورٹی زون میں احتجاج، بچوں اور خواتین کو شیلڈ بنا کر دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور غیر متعلقہ شخص سیکیورٹی زون میں داخل نہیں ہو سکے گا۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے لیکن اس کے لیے کسی طرح کی شرائط قبول نہیں کی جائیں گی، مذاکرات کسی ایک ملک کا دوسرے پر احسان نہیں، بلکہ خطے کے امن کے لیے ضروری ہیں تاکہ جنوبی ایشیا عوامی فلاح و بہبود اور اقتصادی ترقی پر توجہ دے سکے۔ وزارت خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم

پاکستانی وزارت خارجہ کی ترجمان کی طرف سے یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا جب بھارت کے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کو اس بات کا تعین کرنا چاہیئے کہ وہ بھارت سے مذاکرات چاہتا ہے یا کہ علیحدگی پسند کشمیری رہنماؤں سے۔

واضح رہے کہ بھارت نے اگست میں پاکستان کے ساتھ خارجہ سیکرٹری سطح کے مذاکرات منسوخ کر دیئے تھے اور اس کی وجہ بات چیت سے قبل دہلی میں کشمیری علیحدگی پسند رہنماؤں سے پاکستانی ہائی کمشنر کی ملاقات بتائی گئی تھی۔

پاکستانی سیکرٹری خارجہ، اعزاز احمد چوہدری کی اپنی بھارتی ہم منصب سوجاتھا سنگھ سے 25 اگست کو اسلام آباد میں ملاقات طے تھی اور اس کا مقصد دونوں ہمسایہ ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانا، تعلقات میں بہتری اور تعاون کو وسعت دینا تھا۔

لیکن بھارت نے اسے منسوخ کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ نومبر 2008ء میں ممبئی میں شدت پسندوں کے حملوں کے بعد نئی دہلی نے اسلام آباد سے جامع مذاکرات معطل کر دیے تھے۔

حالیہ دنوں میں دونوں ملکوں کے درمیان بات چیت تو شروع ہوئی، لیکن اس کا دائرہٴ اختیار محدود رکھا گیا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی کے معاملے پر تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

ایمز ٹی وی فارن ڈیسک کائنات کے پس منظر سے آنے والی روشنی پر کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے 

گرد و غبار اور کہکشاؤں سے آنے والی روشنیوں سے ہونے والی مداخلت کو نفی کر دینے کے بعد دیکھا گیا کہ باقی ماندہ روشنی کے اندر ہلکی ہلکی لہریں پائی جاتی ہیں۔

سائنس دانوں نے جریدے ’سائنس‘ میں شائع ہونے والے ایک مضمون میں خیال ظاہر کیا ہے کہ یہ روشنی ان تنہا ستاروں سے آ رہی ہے جو کہکشاؤں کے تصادموں کے دوران کہکشاؤں سے خارج ہو گئے تھے۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے پروفیسر جیمی بوک اس تحقیق کے مصنفین میں سے ایک ہیں۔ وہ کہتے ہیں کہ کہکشاؤں کے باہر سے آنے والی روشنی ایک قسم کی ’کائناتی دمک‘ ہے۔

اس سے قبل روشنی کی پیمائشوں سے معلوم ہوا تھا کہ آسمان میں اس سے زیادہ روشنی ہے جس کی توجہ کہکشاؤں سے آنے والی روشنی سے کی جا سکتی ہے۔

اس کی دو وجوہات ہو سکتی ہیں: یا تو یہ دور افتادہ، قدیم کہکشاؤں سے آنے والی روشنی ہے، یا پھر اس کا ماخذ کہکشاؤں سے باہر پائے جانے والے ’آوارہ‘ ستارے ہیں

 سائنس دانوں کا خیال ہے کہ اس خلا میں موجود روشنی کی نیلاہٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ان ستاروں سے آ رہی ہے جو کہکشاؤں سے باہر نکل گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ان تصاویر میں موجود روشنی سے اندازہ ہوتا ہے کہ کہکشاؤں سے باہر بھی تقریباً اتنے ہی ستارے پائے جاتے ہیں جتنے کہکشاؤں کے اندر ہیں۔

ایمزٹی وی: بھٹ شاہ کے قریبی گاؤں وصی مراد شاہ سے قاضی احمد مجلس میں شرکت کے لیے جانے والے عزاداروں کی تیز رفتار بس ہالا قومی شاہراہ پر جانو واٹر اسٹاپ کے قریب ٹائی راڈ کھل جانے کے باعث الٹ گئی جس کے نتیجے میں3 بچے روزینہ، میسم، ثمینہ اور میر حسن جاں بحق ہوگئے جبکہ دلشاد، شہازیب، منیب اور بس ڈرائیور سمیت25 افراد زخمی ہوئے جنھیں تعلقہ اسپتال لے جایا گیا۔ مقامی افراد کی بڑی تعداد بھی اسپتال پہنچ گئی۔

افراتفری کے باعث ڈاکٹر وہاں سے غائب ہوگئے۔ مخدوم غلام محی الدین کے صاحبزادے مخدوم عمار کے کہنے پر ڈاکٹرز اور عملہ واپس پہنچا اور زخمیوں کو طبی امداد دی ۔ایک زخمی خاتون اور بچی کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد روانہ کر دیا گیا۔