ایمز ٹی وی (پشاور) پشاورکےعلاقے نوتہیہ میں بجلی کی اووربلنگ کے خلاف سڑک بند کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ،مظاہرے کے باعث ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی دور تک قطاریں لگ گئیں۔اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر نذر آتش کئے اور انتظامیہ کیخلاف نعرے بازی کی ۔مظاہرین کا کہناتھا کہ اضافی بلز بھیجنے کا سلسلہ تاحال بند نہیں کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیرعارف یوسف اور پولیس حکام نے مظاہرین سے مذاکرات کئے ۔اس موقع پر عارف یوسف کا کہناتھاکہ ایس ڈی او خالد دفتر میں نہیں تاہم انہوں نے ٹیلی فون پریقین دہانی کرائی ہے کہ جن کی بجلی کاٹ دی ہے وہ بحال کریں گے۔مذاکرات کے بعد مظاہرہ ختم اور سنہری مسجد روڈ ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔
ایمز ٹی وی(نیوز ڈیسک) صوبہ پنجاب کے ضلع قصور کے نواحی علاقے کوٹ رادھاکشن میں توہین مذہب کے نام پر تشدد کے خلاف اقلیتی برادریاں مظاہرے کر رہی ہیں-توہین مذہب کے نام پر ہلاک کیے جانے والے میاں بیوی کے مقدمے میں مقامی پولیس نے 30 سے زائد فراد کو گرفتار کر لیا-اس مقدمے کے تفتیشی افسر محمد مقبول نےکہا کہ ملزموں کے خلاف قتل، بلوے اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔تفتیشی افسر کے مطابق عدالت سے ان میں سے بعض ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی جائے گی جبکہ بعض ملزمان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔پولیس افسر کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جس وقت ان دونوں میاں بیوی کو آگ میں پھینکا گیا تو اس وقت وہ نیم مردہ حالت میں تھے-پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ جس وقت یہ واقعہ رونما ہوا تو اُس وقت بھٹے کا مالک یوسف گجر وہاں پر موجود تھا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اس کی جامع تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) قائم مقام چیف جسٹس جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ وزیراعظم کی نااہلی سے متعلق چوہدری شجاعت حسین، گوہر نواز اور اسحاق خاکوانی کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل سے 4 سوالات پر معاونت طلب کی جس میں کہا گیا کہ اگر کسی ممبر اسمبلی کے نااہل ہونے کی درخواست آتی ہے تو مجاز فورم کون سا ہے؟، اگر طے ہوتا ہے کہ معاملہ عدالت سنے گی تو کون سی مجاز عدالت ہوگی؟، نااہلی کے لئے مجوزہ طریقہ کار کیا ہوگا؟ اور آخری سوال یہ کہ نااہلی کے لئے مجوزہ طریقہ کار کے لئے ثبوت کیا ہوں گے۔ اس موقع پر جسٹس جواد کا کہنا تھا کہ کسی کے صادق ہونے کا تعین عدالت نے کرنا ہے جبکہ اسپیکر نے بھی درخواست گزاروں کی درخواستیں مسترد کی تو وہ کہاں جائیں اور درخواست گزاروں کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیئے کہ آئین کا آرٹیکل 10 اے بھی موجود ہے تاہم اس سے کوئی سروکار نہیں کہ وزیراعظم اور وزیرداخلہ نااہل ہوجائیں لیکن ہمیں آئین کے مطابق فیصلہ کرنا ہے۔
ایمزٹی وی:(لاہور) چھانگا مانگا سے لاہور آنے والی بس رائے ونڈ میں اجتماع چوک کے قریب سائیکل سوار کو بچاتے ہوئے بے قابو ہو کر الٹ گئی اور قریبی روہی نالے میں جا گری جس کے نتیجے میں ایک 17 سالہ طالب علم جاں بحق جب کہ 17 افراد زخمی ہوگئے۔ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کو فوری طور پر جناح اسپتال اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس میں 21 مسافروں کی گنجائش تھی جب کہ اس میں 40 کے قریب مسافر سوار تھے جس کی وجہ سے بس بے قابو ہو کر الٹ گئی۔ حادثے کے بعد بس کا ڈرائیور فرار ہو گیا جب کہ کلینر کو پولیس نے حراست میں لے کرتحقیقات جاری۔
ایمزٹی وی:(کراچی) موچکو پولیس اسٹیشن کی حدود میں ناردرن بائی پاس پر جھاڑیوں سے 5 افراد کی لاشیں ملی ہیں، تمام افراد کو بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قریب سے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے
ماضی میں اسی علاقے سے متعدد بار تشدد زدہ لاشیں مل چکی ہیں تاہم اب تک ان واقعات میں ملوث عناصر کی نشاندہی نہیں ہوسکی۔
ایمز ٹی وی (تھر) مٹھی میں غذائی قلت کے باعث ایک اور بچی دم توڑ گئی جس کے بعد 5 ہفتوں میں غذائی قلت کی وجہ سے ہلاک بچوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مٹھی کے سول ہسپتال میں ڈھائی سالہ بچی زبیدہ دوران علاج دم توڑ گئی جو گزشتہ کئی روز سے زیر علاج تھی، گزشتہ 5 ہفتوں کے دوران ہلاک ہونے والی یہ 37ویں بچی ہے جبکہ سول ہسپتال مٹھی میں اب بھی 80 بچے زیر علاج ہیں اور کئی بچوں کو حیدرآباد ریفر کیا جاچکا ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) ترکی کے صدر طیب اردوگان استنبول کے ضلع ایسینلر کی ایک مصروف سڑک کا دورہ کر رہے تھے جب انھوں نے ایک آدمی کو کیفے کی اوپری منزل پر تمباکو نوشی کرتے ہوئے دیکھا تو انھوں نے اس شخص کو پولیس کے ذریعے اس پر جرمانہ کروایا- ترکی کی سرکاری عمارتوں سمیت شراب خانوں اور ریستورانوں میں تمباکو نوشی پر پابندی عائد ہے۔کیفے مالکان کو بھی تمباکو نوشی پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر 2,680 ڈالر کا جرمانہ کیا گیا۔اس واقعے کے بعد ناقدین نے صدر کو لوگوں کی نجی زندگی میں مداخلت کرنے پر الزام لگایا ہے-
ایمز ٹی وی (شمالی وزیرستان) شمالی وزیرستان میں خیبرون کی کارروائیاں جاری ہیں، تازہ کارروائی میں مزید پانچ شدت پسند مارے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطاق سیکیورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے نری بابا میں شدت پسندوں کے ٹھکانے پر بمباری کی جس کے نتیجے میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ تخریب کاروں کے 5 ٹھکانے بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ عسکری حکام کے مطابق مرنے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم لشکر اسلام سے ہے۔ تاحال پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کی جانب سے کوئی اعلامیہ سامنے نہیں آ سکا ہے، واضح رہے کہ 3 روز قبل بھی خیبر ایجنسی کے علاقے جھانسی قلعہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں 5 دہشت گرد ہلاک جب کہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا تھا۔ اس سے ایک روز قبل بھی خیبر ایجنسی کے علاقے باڑہ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 14 شدت پسند ہلاک ہو گئے تھے۔